وفاقی وزیر ترقی و اصلاحات سے چینی نائب وزیرزراعت کی ملاقات

پاک چین زرعی تعاون کے تحت فصلوں کی پیداوار بڑھانے، تجربے اور ٹیکنالوجی کا تبادلہ جیسے شعبوں میں تعاون کیساتھ مختلف پراڈکٹس کی ویلیو ایڈیشن، ڈیری، لائیو سٹاک اور فشریز میں مارکیٹنگ پر توجہ دی جائے گی،مخدوم خسروبختیار چین پاکستان کیساتھ اپنے تجربات و زرعی شعبے کے کامیاب ماڈلز فراہم کرنے کیلئے تیارہے،چینی وزیر

پیر 15 اکتوبر 2018 20:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اکتوبر2018ء) چین کے نائب وزیر برائے زراعت ما آئیگو نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات مخدوم خسرو بختیار سے سوموار کو ملاقات کی ہے، ملاقات میںسیکرٹری پلاننگ ظفر حسن، پراجیکٹ ڈائریکٹر سی پیک حسان داود، اور دیگر وزارتوں کے حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ زراعت کا شعبے سے پاکستان کے 45 فیصد افرادی قوت وابستہ ہے، یہ شعبہ جی ڈی پی کا 24 فیصد جبکہ برآمدات میں اس کا حصہ 20 فیصد ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک چین زرعی تعاون کے تحت موجودہ فصلوں کی پیداوار بڑھانے، تجربے اور ٹیکنالوجی کا تبادلہ، بیج و پودوں کی حفاظت و بیماریوں پر قابو پانے جیسے شعبوں میں تعاون کے ساتھ ساتھ مختلف پراڈکٹس کی ویلیو ایڈیشن، ڈیری، لائیو سٹاک اور فشریز میں مارکیٹنگ پر توجہ دی جائے گی، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے زرعی شعبے میں ترقی کے وسیع مواقع موجود ہے جس کی بدولت معاشی میدان میں کامیابی کا حصول ممکن ہے، وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک چین زرعی تعاون کے تحت جائنٹ ونچرز، ویلیو ایڈیشن، سبزیو اور پھلوں کیلئے کولڈ چین، مارکیٹنگ و برانڈنگ کیلئے کوششیں کی جائے گی تاکہ ماضی کی کمزوریوں کو دور کرکے چین و دنیا دیگر ممالک کیساتھ برآمدات میں اضافہ ممکن بنایا جائے، انہوں نے زور دیا کہ فریقین کو مل کر مستقبل کے تعاون کیلیت مختلف شعبوں کی شناخت کرنی چاہئے، اس موقع پر چینی نائب وزیر نے کہا کہ زرعی تعاون پاک چین تعلقات میں ایک نیا اور اہم شعبہ ہوگاجس کے ترقی کیلئے منصوبہ بندی کو حتمی شکل دینی ہوگی، ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کیساتھ اپنے تجربات و زرعی شعبے کے کامیاب ماڈلز فراہم کرنے کیلئے تیارہے، فریقین نے اس موقع پر زرعی تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے ایک جامع طریقہ کار اختیار کرنے پر اتفاق کیا تاکہ پاکستان کے زرعی شعبے میں موجود مواقعوں سے استفادہ کیا جاسکے۔

۔۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں