ریجن میں باکسنگ کا سب سے زیادہ ٹیلنٹ پاکستان میں ہے،سید نعمان شاہ

عریبک ریجن کا صدر بننے سے نہ صرف پاکستان کے باکسرز کو فائدہ پہنچے گا بلکہ پاکستان بھی باکسنگ کے عالمی مقابلوں کا مرکز بنے گا،نومتخب صدر عریبک ریجن ورلڈ باکسنگ کونسل

منگل 23 اکتوبر 2018 21:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2018ء) عریبک ریجن ورلڈ باکسنگ کونسل کے نو منتخب صدر سید نعمان شاہ نے کہا ہے کہ اس ریجن میں باکسنگ کا سب سے زیادہ ٹیلنٹ پاکستان میں ہے۔ عریبک ریجن کا صدر بننے سے نہ صرف پاکستان کے باکسرز کو فائدہ پہنچے گا بلکہ پاکستان بھی باکسنگ کے عالمی مقابلوں کا مرکز بنے گا۔ وہ یوکرائن میں ہونے والی ورلڈ باکسنگ کونسل کے اہم اجلاس اور عریبک ریجن کا صدر منتخب ہونے اور پاکستان واپسی کے بعد آن لائن ‘ جناح ‘ مارننگ میل کو خصوصی انٹرویو دے رہے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ عریبک ریجن میں پاکستان کے علاوہ بھارت افغانستان ایران اور اومان کے ملک شامل ہیں اور ان ممالک کی موجودگی کے باوجود ریجن کی صدارت اور باکسنگ ایوارڈ کے لئے پاکستان کا انتخاب بہت بڑی کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ورلڈ باکسنگ کونسل کے حوالے سے خبر بریک کرتے ہوئے کہا کہ دسمبر میں ورلڈ باکسنگ کونسل کا ایک اعلیٰ عہدیداران پر مشتمل وفد پاکستان کا دورہ کرے گا اور اس ریجن میں باکسنگ کے فروغ کے لئے معاونت کے ساتھ ساتھ ہمارے پلان کو حتمی شکل بھی دے گا۔

انہوں نے اپنے پلان پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ہمارا دعویٰ نہیں بلکہ ورلڈ باکسنگ کونسل کے اعلیٰ عہدیداران بھی اس بات کو مانتے ہیں کہ پاکستان میں باکسنگ کا بہت ٹیلنٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سرپرستی اور باکسنگ کے پاکستان میں عالمی مقابلوں سے اب ہمارے باکسر بھی اچھی کارکردگی سے نہ صرف دنیا میں نام پیدا کر سکیں گے بلکہ مالی طور پر مستحکم ہوں گے۔

اس لیے پہلے ہم قومی سطح کے بڑے بڑے شہروں میں مقابلے کرائیں گے اور بہترین ٹیلنٹ کا انتخاب کرکے انہیں عالم کوچز کی نگرانی میں تربیت دیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جلد ہی ہمارے پاس ہر کیٹیگری کے لئے پاکستانی باکسرز کا ایک بڑا پول ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ریجن کے ممالک نے بھی ہمارے انتخاب کو سراہتے ہوئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں