پاکستان اور چین کے درمیان سیاسی مشاورت کا پہلا دور

سی پیک کو پاکستانی قیادت کے وژن کی روشنی میں تعاون کے نئے شعبوں تک وسعت دینے پر اتفاق ، جاری منصوبوں کو مکمل کرنے کے عزم کا اظہار پاکستانی وفد کی قیادت خارجہ سیکرٹری تہمینہ جنجوعہ، چینی وفد کی قیادت نائب وزیر خارجہ کونگ چوان ژو نے کی افغانستان، جنوبی ایشیاء پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے بین الاقوامی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا سیاسی، اقتصادی، سلامتی، ثقافتی اور دیگر شعبوں میں مضبوط دوطرفہ تعلقات اطمینان بخش قرار، مستقبل میں مزید تقویت دینے کے عزم کا اعادہ

پیر 10 دسمبر 2018 19:09

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) پاکستان اور چین نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کو پاکستانی قیادت کے وژن کی روشنی میں تعاون کے نئے شعبوں تک وسعت دینے پر اتفاق اور جاری منصوبہ جات کو مکمل کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ پیر کو وزارت خارجہ امور میں پاکستان اور چین کے درمیان سیاسی مشاورت کا پہلا دور منعقد ہوا۔

پاکستان کی جانب سے اس امر کا اظہار کیا کہ سی پیک حکومت کی قومی ترجیح ہے اور پاکستان سی پیک کے کامیاب نفاذ کے لئے بدستور پرعزم ہے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خارجہ سیکرٹری تہمینہ جنجوعہ نے پاکستانی جانب سے جبکہ نائب وزیر خارجہ کونگ چوان ژو نے چینی جانب سے وفود کی قیادت کی۔ دونوں اطراف نے دوطرفہ تعلقات کے وسیع تر پہلوئوں پر جامع تبادلہ خیال کیا گیاور اس امر کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تذویراتی معاون شراکت داری استوار ہے اور سیاسی، اقتصادی، سلامتی، ثقافتی اور دیگر شعبوں میں مضبوط دوطرفہ تعلقات اطمینان بخش ہیں۔

(جاری ہے)

دونوں اطراف نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے دوران دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان پائے جانے والے اتفاق رائے کو تقویت دینے پر بھی اتفاق کیا۔ بات چیت کے دوران بالخصوص افغانستان، جنوبی ایشیاء پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے بین الاقوامی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ کثیر الجہتی فورموں پر مضبوط تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں اس کو مزید تقویت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں