نیا پاکستان کے دعویدار قبضہ مافیا کے سرپرست بن گئے ہیں ، راجہ سجاد

یونین کونسل تمیر کوقبضہ مافیا کے ہاتھوں یر غمال نہیں بننے دیں گے،مسلم لیگی رہنما پ*ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لیں

منگل 26 مارچ 2019 21:49

ٴاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) اسلام آباد کے سینئر رہنما راجہ سجاد نے کہا ہے کہ نیا پاکستان بنانے کے دعوے کرنے اور قبضہ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا پرچار کرنے والی تحریک انصاف کی حکومت اسلام آباد کے دیہی علاقے یونین کونسل تمیر کے رہائشیوں کو قبضہ مافیا سے نجات دلانے کی بجائے انہی کی آلہ کار بن گئی ۔

یونین کونسل تمیر اسلام آباد کا ایک دیہی نواحی علاقہ ہے جو کہ نہایت سرسبز پہاڑوں اور خوبصورت وادی پر مشتمل ہے۔انہوںنے کہا کہ اس یونین کونسل میں تقریبا" 15000افراد آباد ہیں جو اپنے مویشیوں کے لیے چارہ اور جلانے کے لیے لکڑی اپنے گائوں میں واقع ایک چراہ گاہ سے حاصل کرتے ہیں ،یہ چراہ گاہ ایک پابند نمبر ہے،زیادہ تر پہاڑی علاقہ ہے اور اس کا واجب الارض تحصیل آفس اسلام آباد میں رجسٹرڈ ہے۔

(جاری ہے)

یہ چراہ گاہ اہل علاقہ کے مویشوں کے چارہ اور لکٹری کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مختص ہے ۔راجہ سجاد نے کہا کہ اب گائوں کے چند با اثر افراد تحریک انصاف کی مقامی قیادت کے آشیر باد سے لوگوں سے ان کا یہ بنیادی حق چھیننے کے درپے ہیں ۔اس چراہ گاہ پر قبضہ کیا جا رہا ہے ،بھاری مشینری کا استعمال کرتے ہوئے تمام رقبے کو بلڈوز کیا جا رہا ہے۔ گائوں کی خوبصورتی اور صاف ماحول فراہم کرنے والے سرسبز درختوں کو نہایت بے دردی سے کاٹا جا رہا ہے جس سے نہ صرف قدرتی ماحول کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ غریب اہل علاقہ سے ان کے مویشیوں کا چارہ بھی چھینا جا رہا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ یہ قبضہ مافیا وفاقی دارلحکومت میں بنیادی انسانی حقوق سلب کرنے میں لگی ہوئی ہے اور کوئی غریب عوا م کو انصاف دلانے کی جرات نہیں کر رہا کیونکہ قبضہ مافیا کو تحریک انصاف کی مقامی قیادت کی نہ صرف بھر پور حمایت حاصل ہے بلکہ اس سلسلے میں قبضہ مافیا تحریک انصاف کی مقامی قیادت کو ان کے گھر پر اس مکروہ دھندے کی پیش رفت سے بھی آگا ہ کررہی ہے ۔مسلم لیگی رہنما راجہ سجادنے کہا کہ میں تمام اہل علاقہ کی طرف سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے گائوں کی چراہ گاہ کو اس مافیا کے ہاتھوں برباد ہونے سے بچائیں اور اہل علاقہ کو ان کے بنیادی حق سے محروم کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں