آزاد جموں کشمیر میں نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کیلئے 90 ہزار درخواستیں موصول ہو گئی ہیں، وزارت امور کشمیر

بدھ 24 اپریل 2019 18:18

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) آزاد جموں کشمیر میں نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کیلئے 90 ہزار درخواستیں موصول ہو گئی ہیں۔ وزارت امور کشمیر ذرائع کے مطابق آزاد جموں کشمیر نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کے پہلے مرحلہ میں شامل ہے اور اس حوالہ سے اب تک 90 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آزاد جموں کشمیر کی عوام کو نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم میں ترجیحی بنیادوں پر گھر دیئے جائیں گے اور آزاد کشمیر کو 10 ار ب کلین اینڈ گرین پاکستان مہم میں بھی شامل کیا جائے گا۔

وزارت امور کشمیر کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ مظفر آباد میر پور ایکسپریس وے پر کام جلد شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت آزاد جموں کشمیر کے عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کیلئے 2 ارب روپے کے فنڈز مختص کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول کے قریب بسنے والے ہر خاندان کو صحت انصاف کارڈ سکیم کے تحت 7 لاکھ 20 ہزار روپے مالیت کی ہیلتھ کیئر سہولت فراہم کی جائے گی۔ وزار ت امور کشمیر ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کے آنے والے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ رہنے والی آبادی کی حفاظت، بحالی و دیگر معاملات کیلئے 5 ارب روپے کا ریلیف پیکیج بھی شامل ہو گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں