بیرون ملک مقیم 650 سے زائد پروفیشنل کوالیفائیڈ افراد نے قومی ترقی میں براہ راست شمولیت کے لیے "نیا پاکستان کالنگ" میں اپنی سی ویز جمع کرادی

جمعہ 26 اپریل 2019 17:18

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) بیرون ملک مقیم 650 سے زائد پروفیشنل کوالیفائیڈ افراد نے قومی ترقی میں براہ راست شمولیت کے لیے آن لائن ویب پورٹل "نیا پاکستان کالنگ" میں اپنی سی ویز جمع کرادی ہیں۔اِن اوورسیز پاکستانیوں نے اوپی ایف کی آفیشنل ویب سائیٹ پر خود کو رجسٹرکرادیا ہے ۔اوپی ایف ذرائع نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 650سے زائدبیرون ملک مقیم اعلیٰ تربیت یافتہ افراد نے وزیر اعظم عمران خان کے نیا پاکستان کی تعمیر کے وژن کیلئے اپنی بھرپور شمولیت کی دلچسپی کا اظہار کیاہے ۔

نیا پاکستان کالنگ ویب پورٹل وزارت اوورسیز پاکستانیز کی جانب سے حکومت کے 100روزہ ایجنڈا کے تحت بنایا گیا تھا جس کے بنانے کا مقصد بیرون ملک مقیم اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کی پاکستان کی تعمیرو ترقی میں شمولیت کو ممکن بنانا تھا۔

(جاری ہے)

اوپی ایف ذرائع کے مطابق تمام سی ویز متعلقہ اداروں کو بھیج دی گئی ہیں اور ان افراد کی پروفیشنل صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے متعلقہ اداروں میں کام کا موقع دیا جائے گا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری نے کہا کہ نیا پاکستان کالنگ پلیٹ فارم وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر قائم کیا گیا تھا جو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی صلاحیتیں ملکی ترقی کیلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ آئیڈیا بیرون ملک سے قابل افراد کو ملکی ترقی کے لیے وطن واپس لانا تھا کیونکہ ماضی کی حکومتون نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب کوئی توجہ نہیں دی اور اسی وجہ سے ملک میں بسنے والے محنتی قابل لوگ بیرون ملک چلے گئے ۔ذوالفقار بخاری نے کہا کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کو ملک کی پالیسی سازی میں شمولیت کے لیے حکومت نے گیٹ وے فراہم کیا ہے جس کے لیے انہیں مختلف اہم اداروں کے بورڈز میں شامل کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں