ئیسکو حکام نے سیکرٹری توانائی کے حکم پر جعلی میٹرز کی انکوائری مکمل کر کے رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال کر دی

ایس ڈی او جی سکس سمیت متعدد ملازمین کے گرد گھیرا تنگ ہونے لگا ،آئیسکو چیف نے کرپٹ مافیا کو بچانے کے لیے کوششیں شروع کر دی جی سکس ایس ڈی او سجاد کی ایما پر بنی گالا ،سوہان و دیگر علاقوں میں جعلی میٹرز لگا کر کروڑوں روپے کی بجلی چوری کر کے لاکھوں منتھلیاں وصول کی گئیں ، سیکرٹری توانائی نے انکوائری کا حکم دیدیا،ذرائع

جمعرات 27 فروری 2020 23:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 فروری2020ء) آئیسکو حکام نے سیکرٹری توانائی کے حکم پر جعلی میٹرز کی انکوائری مکمل کر کے رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال کر دی ہے۔ایس ڈی او جی سکس سمیت متعدد ملازمین کے گرد گھیرا تنگ ہونے لگا ہے ،آئیسکو چیف نے کرپٹ مافیا کو بچانے کے لیے کوششیں شروع کر دی ہیں۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جی سکس ایس ڈی او سجاد کی ایما پر بنی گالا ،سوہان و دیگر علاقوں میں جعلی میٹرز لگا کر کروڑوں روپے کی بجلی چوری کر کے لاکھوں روپے منتھلیاں وصول کی گئیں ،جس پر سیکرٹری توانائی نے انکوائری کا حکم دیدیا۔

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ152جعلی میٹرز کی فہرست کے علاوہ سیکٹر جی نائن کے ایس ڈی او نے اس وقت بھانڈہ پھوڑ دیا جب انکے علاقہ سے میٹرز چوری ہو کر جی سکس کے علاقہ میں لگائے گئے ،انکوائری کمیٹی کے سامنے ملزمان ملازمین کو دفاع کے لیے کچھ بھی نہ مل سکا اور انکوائری فکس ہو گئی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ذرائع کاکہنا ہے کہ سیکرٹری انرجی کو بتایا گیا کہ آئیسکو افسران جانبدار انکوائری کریں گے تاہم انہوںنے باہر سے ایک آفیسر کو انکوائری آفیسر مقرر کر کے فائنڈنگ رپورٹ حاصل کی،ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس ڈی او سجاد کی ایما پر ملازم ثاقب،شہزاد،وقاص اور وحید نے سٹورز سے ڈبل میٹرز حاصل کیے اور انکا ریکارڈ بھی کمیٹی میں پیش کیا گیا اور اس سے قبل چار ملازم معطل تھے اور اہم ذمہ دار کو بچا لیا گیا تھا جبکہ ذرائع کے مطابق ایس ڈی او سجاد کا میٹر ہی جعلی نکلا اورجرمانہ بھی ادا کیا گیا ،معلومات کے مطابق جاوید نامی ٹھیکدار نے افسرا ن کی ایما پر دیگر بھی سینکڑوں جعلی میٹرز لگائے جن کا مقدمہ بہت جلد ایف آئی اے کو بھیجے جانے کا امکان ہے ،ایس ڈی او سجاد کے آثاثہ جات اور غوری ٹائون میں تین گھر اور متعدد پلاٹوں سے متعلق بھی چھان بین شروع کردی گئی ہے دوسری جانب ۔

ذرائع کے مطابق اس اعلی سطحی انکوائری کمیٹی کو بیان ریکارڈ کراتے ہوئے آئیسکو جی نائن سب ڈویژن کے ایس ڈی او مظہر اور لائن سپریڈنٹ خالد شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ جی نائن سب ڈویژن کی حدود سے 2018 کے دوران 9 میٹر چوری ہوئے جن کی ایف آئی آر تھانہ کراچی کمپنی میں درج کرائی گئی تھی تاہم تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ چوری ہونے والے میٹر جی سکس سب ڈویژن میں لگائے گئے جو بوگس میٹر مافیا نے لاکھوں روپے لے کر لگائے ہیں اور انہیں نان بلنگ رکھ کر ماہانہ منتھلیاں وصول کرتے رہے۔اس ضمن میں لائن سپریڈنٹ خالد شاہ نے بھی تصدیق کی کہ میٹر چوری ہونے پر مقدمہ تھانہ کراچی کمپنی میں 2018 میں درج کرایا تھا جس کا ریکارڈ انکوائری کمیٹی کو فراہم کردیا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ظفر ملک

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں