چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی کی صدر آزاد کشمیر مسعود خان سے ملاقات کی ، مقبوضہ کشمیر میں جاری کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف عالمی دباؤ بڑھانے کیلئے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق

ہفتہ 4 جولائی 2020 22:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2020ء) کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان آفریدی نے صدر آزاد کشمیر مسعود خان سے ملاقات کی دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف عالمی دباؤ بڑھانے کیلئے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین شہریار خان آفریدی نے ہفتہ کو آزادکشمیر کے صدر سردار مسعود خان سے ملاقات کی اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہونے والی حالیہ پیشرفت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری کشمیریوں کی تحریک آزادی اور کشمیریوں کی غیرقانونی گرفتاریوں اور بھارتی فوج اور دیگر ایجنسیوں کی جانب سے کشمیریوں کے جاری قتل عام کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماؤں نے کہا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیر میں نئی جارحیت کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو مصنوعی طور پر تبدیل کرنے کے لئے ہندوستانی شہریوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے اجراء سمیت فاشسٹ ہندوتوا حکومت کی غیر قانونی کارروائیوں کے خلاف کشمیریوں کی آوازوں کو دبانا ہے۔

انہوں نے ہندوستانیوں کو مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی کان کنی کے لائسنس کے اجراء کے خلاف بھارت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی غیر قانونی حرکت سے مقبوضہ کے عوام میں بے چینی اور پریشانی کی بڑی لہر پھیلے گی۔دونوں رہنماؤں نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیں اور بھارت کو کشمیر پر غیرقانونی قبضہ ختم کرنے پر مجبور کرنے کیلئے اقدامات کریں۔

انہوں نے جھوٹے ہندوستانی بیانیہ کو سیاسی اور سفارتی طور پر ہر محاذ پر شکست دینے کے لئے ایک نئی حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا۔ آزادکشمیر کے صدر مسعود خان نے شہریار آفریدی کو چیئرمین کشمیر کمیٹی کے عہدے پر تعینات کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ مسعود خان نے شہریار آفریدی کی قائدانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد اور آزاد کشمیر کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں