تفصیلی خبر

سپریم کورٹ کے باہر شاہراہ دستور پر 25 سالہ نامعلوم نوجوان کی اندھا دھند فائرنگ، تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا

جمعرات 6 اگست 2020 00:15

اسلام آباد ۔ 5 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2020ء) سپریم کورٹ آف پاکستان کے باہر شاہراہ دستور پر 25 سالہ نامعلوم نوجوان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی تاہم کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے تھانے میں منتقل کر دیا ہے۔ پولیس ترجمان نے رابطہ کرنے پر ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے باہر فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرکے تھانہ سیکریٹریٹ منتقل کردیا گیا ہے اور اس سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

پولیس ترجمان سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ملزم نجیب اللہ ہنگو کا رہائشی ہے اور اس کا کسی مذہبی جماعت سے کوئی تعلق نہیں بتایا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران نجیب پولیس کو دھمکیاں دیتا رہا کہ اس کا تعلق اسلام آباد میں ایک بڑے پولیس افسر سے ہے اور وہ چیکنگ پوائنٹس پر پولیس کی طرف سے روکے جانے پر انہیں اسی پولیس افسر کے ریفرنس دے کر کراس کرتا رہا اور مطلوبہ مقام سپریم کورٹ کے باہر پہنچنے میں کامیاب ہوا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید سے متعدد بار رابطہ کر کے تفصیلات جاننے کی کوشش کی تاہم انہوں نے اپنا مؤقف نہیں دیا۔ ملزم دوران تفتیش تھانہ سیکرٹریٹ پولیس میں ایس ایچ او اور دوسرے افسران کو کہتا رہا کہ میرے گرد رش نہ کیا جائے، مجھے ہوا کی ضرورت ہے اور میں سانس کا مریض ہوں۔ پولیس نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ملزم سے مزید تحقیقات کے لئے جدید طریقہ کار کے تحت پوچھ گچھ جاری رکھی جائے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں