پاکستان اقتصادی اور عوامی رابطوں پر توجہ دیتے ہوئے امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، سیکریٹری خارجہ

بدھ 12 اگست 2020 02:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2020ء) سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے کہا ہے کہ پاکستان اقتصادی اور عوامی رابطوں پر توجہ دیتے ہوئے امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ یہ بات انہوں نے پاک امریکہ مشاورت کے موقع پر کہی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق منگل کو سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور امریکی محکمہ خارجہ میں سیکریٹری برائے سیاسی امور سفیر ڈیوڈ ہیل کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق ورچوئل مشاورت منعقد ہوئی۔

سیکریٹری خارجہ نے امریکہ کے ساتھ دونوں ملکوں کے باہمی مفاد میں معاشی شراکت قائم کرنے سے متعلق پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ سیکریٹری خارجہ نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے مابین وسیع البنیاد اور پائیدار شراکت خطے میں استحکام کی ضامن ہے۔

(جاری ہے)

علاقائی تناظر میں فریقین نے افغان امن اور مفاہمتی عمل میں ہونے والی پیشرفت کے بارے میں اپنے اپنے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔

سیکریٹری خارجہ نے افغان حکومت اور افغان عوام کی زیر قیادت امن عمل سے متعلق پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا اور امید ظاہر کی کہ افغان فریقین اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انٹرا افغان مذاکرات کے ذریعہ ایک جامع سیاسی حل تک پہنچ جائیں گے۔ فریقین نے جنوبی ایشیاء میں امن اور استحکام کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔ سیکریٹری خارجہ نے 5 اگست 2019ء کے بھارتی غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات بالخصوص مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر ہونے والی خلاف ورزیوں، مقبوضہ علاقے کے آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششوں اور لائن آف کنٹرول لائن کے ساتھ سیز فائر کی خلاف ورزیوں میں اضافے کو اجاگر کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مسلسل فوجی محاصرے اور پاکستان کے خلاف جارحانہ عزائم خطے میں امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہیں۔ واشنگٹن میں پاکستان کے سفیر اسد مجید خان اور اسلام آباد میں امریکی سفیر پال جونز سمیت سینئر عہدیداروں نے بھی ورچوئل مشاورت میں شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں