بہائی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے بھی ہمارے پاکستانی بھائی ہیں ،پاکستان ایک جسم ہے ہم سب اس کے اعضاء ہیں،مفتی عبدالشکور

جمعہ 20 مئی 2022 00:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2022ء) وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نےبہائی کمیونٹی کو ان کے مذہبی تہوار عید رضوان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بہائی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے بھی ہمارے پاکستانی بھائی ہیں ۔ پاکستان ایک جسم ہے ہم سب اس کے اعضاء ہیں۔ کوئی بھی طاقت کے بل بوتے پر کسی بھی عقیدے یا مذہب کے ماننے والے کو مجبور نہیں کر سکتا اسلام میں ایسا کرنا جرم ہے ۔

انسانیت کی توہین کرنے والا انسانیت کا دشمن ہے ۔وہ جمعرات کو یہاں بہائی کمیونٹی کے مذہبی تہوار عید رضوان کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ وزیر مذہبی امور نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب فرقوں اور برادریوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا بحیثیت مسلمان یہ عقیدہ ہے کہ کوئی طاقت کے بل بوتے پر کسی کو کسی عقیدے اور مذہب پر مجبور نہیں کر سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام میں ایسا کرنا جرم ہے۔ اسلام اور نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے انسانیت کا سبق دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ہمارے اساتذہ نے یہ تعلیم دی ہے کہ قرآن صرف مسلمانوں کی کتاب نہیں ساری انسانیت کی کتاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے آدم کی ساری اولاد کو عزت بخشی ہے اس لئےانسانیت کی توہین کرنے والا انسانیت کا دشمن ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے پاکستان میں ہندو، مسیحی برادری اور بہائی برادری سمیت کسی بھی اقلیت پر ہاتھ اٹھایا تو اس کا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔

اللہ صرف مسلمانوں کا رب نہیں بلکہ ساری انسانیت کا رب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ قومی اسمبلی میں شراب کے خلاف بل ایک ہندو رکن نے پیش کیا تھا کیونکہ شراب تمام مذاہب میں حرام ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم یہاں ہندوئوں کے ساتھ ہزاروں سال تک رہتے آرہے ہیں ساری دنیا میں دیگر مذاہب کے لوگ موجود ہیں ہمیں ایک دوسرے کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان صرف اسی طرح معاشی ثقافتی اور معاشرتی طور پر مستحکم ہو سکتا ہے جب ہم یہاں بسنے والی ساری اقوام اور مذاہب کے لوگوں کا احترام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک سے نفرت انگیزی کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ تمام مذاہب میں انتہا پسندی کا کوئی تصور موجود نہیں ہے۔ اسلام عیسائیت، بہائی اور ہندو مذہب سمیت تمام مذاہب کو ایک ہوجانا چاہیے ہمیں نفرت پیدا کرنے والوں کے خلاف یک جہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا انھوں نے کہا کہ جو کسی کو گالیاں دیتا ہے اس کا ہم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اگر مسلمان بھی کسی کے معبود کو گالی دے گا تو نفرت پیدا ہو گی ۔ایک پاکستانی کی حیثیت سے ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم ایک دوسرے کا خیال رکھیں انہوں نے کہا کہ میری وزارت میں بھی اگر کسی کے حق پر ڈاکہ ڈال گیا تو براہ راست میرے علم میں لائے میں وعدہ کرتا ہوں کہ اقلیتوں کے حقوق کا نگہبان بنوں گا انہوں نے کہا کہ اقلیتیں یقین رکھیں کہ کہ پاکستان ان کا اپنا ملک ہے قیام پاکستان کے وقت قائد اعظم نے اسی برابری کی بات کی تھی ۔

ہمارے آئین نے بھی تمام اقلیتوں کے حقوق کو تحفظ دیا ہے انہوں نے کہا کہ تمام اقلیتیں میری بحثیت وزیر مذہبی امور موجودگی میں خود کو غیر محفوظ نہ سمجھیں۔ انہوں نےامریکہ ، سعودی عرب ، ترکی اور عراق سمیت دیگر ممالک کے سفارت کاروں کا بھی تقریب میں شرکت پر خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں