پاک فضائیہ کے سربراہ کا کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ، 12 کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

بدھ 25 مئی 2022 01:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2022ء) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے منگل کو کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا۔کالج میں کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے، ایئر چیف نے کہا کہ دور حاضر کی جنگ جوئی میں، فضائی طاقت فوجی طاقت کا سب سے موثر عنصر بن چکی ہے، یہ بات پاکستان ایئر فورس(پی اے ایف) کی یہاں موصولہ میڈیا ریلیز میں بتائی گئی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ مشترکہ آپریشنز کی منصوبہ بندی اور عمل درآمدسے منسلک چیلنجز اور فوائد کے ساتھ اس کے اطلاق کی گہری اور واضح سمجھ ضروری ہے۔علاقائی جیو پولیٹیکل ماحول کا ذکر کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ سکیورٹی چیلنجز سے پوری طرح آگاہ ہے اور اپنے آپریشنل ترقیاتی منصوبوں پر سرگرمی سے عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پی اے ایف آپریشنل تیاریوں کو انتہائی اہمیت دیتی ہے اور پاکستان کی قومی سلامتی کو درپیش کسی بھی چیلنج کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

ائیر چیف نے کوئٹہ کے دورے کے دوران 12 کور ہیڈ کوارٹرز کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔ عملے کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ "ہم سب کے لیے یونیفارم میں ہر وقت آپریشنل طور پر تیار رہنا، مرضی کا معاملہ نہیں ہے بلکہ اس ملک اور اس کے شہریوں کے لیے ایک لازمی ذمہ داری ہے۔"

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں