عالمی درجہ بندی میں نمایاں جگہ حاصل کرنے پر پر قائداعظم یونیورسٹی میں تقریب

وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کی یونیورسٹی اساتذہ کرام، عملے اور طلبہ کو مبارک باد

بدھ 29 جون 2022 21:15

عالمی درجہ بندی میں نمایاں جگہ حاصل کرنے پر  پر قائداعظم یونیورسٹی میں تقریب
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جون2022ء) عالمی درجہ بندی میں نمایاں جگہ حاصل کرنے پر قائداعظم یونیورسٹی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔قائداعظم یونیورسٹی نے حال ہی میں تین بین الاقوامی رینکنگز میں، دنیا کی بہترین جامعات میں جگہ حاصل کی ہے۔ کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2023ئ کے مطابق تحقیق کے میدان میں عمدہ کارکردگی اور فیکلٹی سائٹیشن کے باب میں قائد اعظم یونیورسٹی 41 ویں نمبر پر آئی ہے۔

کیو ایس نے دنیا بھر کی بہترین پانچ سو جامعات میں قائد اعظم یونیورسٹی کو 363ویں نمبر پر جگہ دی۔ٹائمز ہائر ایجوکیشن ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2022ئ کے مطابق قائد اعظم یونیورسٹی ہائر ایجوکیشن پاکستان کی نمبر ایک یونیورسٹی ہے جبکہ ایشیائ کی جامعات میں 116ویں نمبر پر ہے۔

(جاری ہے)

یو ایس نیوز اینڈ ورلڈ رپورٹ نے قائداعظم یونیورسٹی کو پاکستان کی نمبر ایک یونیورسٹی قرار دیا جبکہ عالمی سطح پر 461ویں نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین نے یونیورسٹی کے اساتذہ کرام، عملے اور طلبہ کو مبارک باد دی۔ انھوں نے کہا کہ معاشرے اور معیشت پر اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے جامعات کو تحقیق پر توجہ دینی چاہیے۔ انھوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ صنعت سے منسلک ہوں اور موثر حل فراہم کریں۔ وزیر تعلیم نے یقین دلایا کہ یونیورسٹی کے مالی معاملات سمیت تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات محترمہ مریم اورنگزیب نے یونیورسٹی کو عالمی درجہ بندی میں نمایاں جگہ بنانے اور تحقیقی میدان میں بہتری لانے پر مبارک باد دی۔ وزیر اطلاعات نے بطورِ قائدین اپنا تجربہ بھی شیئر کیا۔ انھوں نے کہا کہ قائداعظم یونیورسٹی ایک منی پاکستان ہے جہاں آپ کو مختلف ثقافتی پس منظر کے حامل طلبہ مل سکتے ہیں۔ ثقافتی تنوع کے سبب قائداعظم یونیورسٹی سیکھنے کے حوالے سے ایک شاندار درس گاہ ہے۔

قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے حاضرین کو یونیورسٹی کی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے گزشتہ چار سالوں کے دوران بین الاقوامی درجہ بندی میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ کیو ایس کی حالیہ ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ کے مطابق تحقیق کے میدان میں عمدہ کارکردگی اور فیکلٹی سائٹیشن کے باب میں قائد اعظم یونیورسٹی نے بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔

انھوں نے کہا کہ قائد اعظم یونیورسٹی میں طلبہ کی سہولت کے لیے متعدد نئے دفاتر قائم کیے گئے ہیں، جن میں ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افیئرز، ڈائریکٹوریٹ آف اکیڈمکس، ڈائریکٹوریٹ آف سٹیٹ، کیریئر کونسلنگ آفس، پلیسمنٹ آفس اور بزنس انکوبیشن سنٹر شامل ہیں۔ وائس چانسلر نے کہا کہ 22-2021 میں 252 ملین کے تحقیقی منصوبے مکمل ہوئے جبکہ مختلف شعبوں میں 107 تحقیقی منصوبے جاری ہیں۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن کی چیئرپرسن ڈاکٹر شائستہ سہیل نے کہا کہ یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ قائداعظم یونیورسٹی کے قائم کردہ اعلیٰ معیارات کو بین الاقوامی رینکنگ ایجنسیوں نے تسلیم کیا اور یہ کارکردگی مختلف رینکنگ سسٹمز سے ظاہر ہوتی ہے۔تقریب میں اساتذہ کرام، المنائی، طلبا و طالبات اور عملے نے بھر پور شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں