حج مقدس مذہبی فریضہ ہے، حکومت پاکستان عازمین حج کوممکنہ سہولیات فراہم کرنے میں پرعزم ہے، وزیر خزانہ

ہفتہ 1 اپریل 2023 16:11

حج مقدس مذہبی فریضہ ہے، حکومت پاکستان عازمین حج کوممکنہ سہولیات فراہم کرنے میں پرعزم ہے، وزیر خزانہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اپریل2023ء) وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہاہے کہ حج ایک مقدس مذہبی فریضہ ہے اور حکومت پاکستان عازمین حج کو ممکنہ سہولیات فراہم کرنے میں پرعزم ہے ۔ انہوں نے یہ بات ہفتہ کویہاں حج سکیم 2023 پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبدالشکور، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے محصولات طارق محمود پاشا، سیکرٹری مذہبی امور، سپیشل سیکرٹری خزانہ اور وزارت خزانہ و مذہبی امور کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں حج 2023 کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری مذہبی امور نے اجلاس کو بتایا کہ حج کے لیے درخواستوں کی وصولی 31 مارچ 2023 کو حکومتی پالیسی کے مطابق بند کر دی گئی تھی ، ریگولر سکیم کے 44190 کے کوٹہ کے ضمن میں بینکوں میں 72869 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

وزارت مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی نے حج 2023 کے لیے اپنی غیر ملکی زرمبادلہ کی ضروریات کے بارے میں تفصیلات بھی فراہم کیں۔

وزیرخزانہ نے ریگولر اسکیم کے تحت موصول ہونے والی درخواستوں کی حتمی تعداد کے بارے میں بینکوں سے مکمل معلومات حاصل کرکے منگل 4 اپریل تک فراہم کرنے کی ضرورت پرزوردیا اورکہاکہ مکمل معلومات کے حصول کے بعد حکومت حتمی تعدادکا جائزہ لے کر فیصلہ کرے گی۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ حج ایک مقدس مذہبی فریضہ ہے اور حکومت پاکستان عازمین حج کو ممکنہ سہولیات فراہم کرنے میں پرعزم ہے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں