ْ(کل) دوپہر 12 بجے تک بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکٹر سے کرانے کا حکم

بدھ 17 اپریل 2024 21:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے (کل) جمعرات کودوپہر 12 بجے تک سابق وزیر اعظم، پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ شوکت خانم ہسپتال کیڈاکٹر سے کرانے کا حکم دیدیا۔بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل میں جج ناصر جاوید رانا نے کی۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو عدالت میں پیش کیا گیا، نیب کی جانب سے آج مزید 9 گواہان پیش ہوئے، مجموعی طور پر نیب کے 15 گواہان کے بیانات قلمبند ہوگئے، 13 گواہان پر جرح بھی مکمل ہوگئی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید 6 گواہان طلب کرلیے۔عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل ریفرنس کی سماعت 19 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔

(جاری ہے)

بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں سماعت کے اختتام پر جج ناصر جاوید رانا سے مکالمہ کیا کہ میری بیوی کی طبیعت خراب ہے، ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق اینڈوسکوپی ٹیسٹ نہیں کروایا جارہا، 6 سال سے میری بیوی بیمار نہیں ہوئی، 4 ہفتے سے بیمار ہے، مکمل طبی معائنہ نہیں ہو رہا، میری بیوی کی صحت کا معاملہ سیریس ہے، اس کے ٹیسٹ کروانے کا حکم دیا جائے۔

بانی پی ٹی آئی نے جج سے مکالمہ کیا کہ ظاہری معائنے سے کچھ معلوم نہیں ہو سکتا، ٹیسٹ ہوں گے تو حقائق سامنے آئیں گے، مجھے پتا ہے اس سب کے پیچھے کون ہے، حکومت سے خطرہ ہے، حکومتی ڈاکٹروں پر اعتماد نہیں کر سکتے، عدالت ڈاکٹر عاصم یونس سے معائنہ کروانے کا حکم دے۔عمران خان نے کہا کہ عدالت ڈاکٹر عاصم کو طلب کرے ان سے بشری بی بی سے متعلق رائے لے۔جج ناصر جاوید رانا نے (آج)جمعرات سے 12 بجے تک شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکٹرعاصم یونس سے بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کرانے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں