سپارک نے تمباکو کے استعمال سے لاحق خطرات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے 30 روزہ مہم کا آغاز کر دیا

منگل 30 اپریل 2024 16:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) سوسائٹی فار دی پروٹیکشن آف دی رائٹس آف دی چائلڈ (سپارک) نے پاکستان میں تمباکو کے استعمال سے لاحق خطرات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے "یوتھ اگینسٹ ٹوبیکو،تندرست نسل،مضبوط معیشت" کے عنوان سے 30 روزہ طویل مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ ریجنل ڈائریکٹر جنوبی ایشیا  کمپین فار ٹوبیکو فری کڈز ڈاکٹر ماہین ملک نے منگل کو  پنجاب گروپ آف کالجز میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران  مہم کا افتتاح کیا ۔

اس مہم کے دوران سپارک، کمپین فار ٹوبیکو فری کڈز کے تعاون سے نوجوانوں کو صرف ایک دن کے بجائے پورے ماہ کے لیے انسداد تمباکو کنٹرول سرگرمیوں میں شامل کرے گا۔ نوجوان شرکا مختلف سرگرمیوں میں مشغول ہوں گے جن میں تقریری مقابلے، پوسٹرز ڈیزائننگ، سوشل میڈیا مہم اور ویڈیو پیغامات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

مہم کی اختتامی تقریب 31 مئی 2024 کو تمباکو نوشی کے عالمی دن پر منعقد ہوگی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ماہین ملک نے تندرست نسل کے لیے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی فوری ضرورت اور معیشت پر اس کے براہ راست اثرات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک صحت مند مستقبل کے لیے ہمارے نوجوانوں کو بااختیار بنانا صرف ایک اخلاقی عمل ہی نہیں بلکہ یہ ایک معاشی ضرورت بھی ہے۔پنجاب گروپ آف کالجز، راولپنڈی/اسلام آباد کے ڈائریکٹر چودھری محمد اکرم نے تعلیمی اداروں کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کو انسداد تمباکو ، صحت مند عادات کی تشکیل اور ہمارے طلبا کے روشن مستقبل کےلئے مہم کی قیادت کرنی چاہیئے۔

سپارک کے پروگرام منیجر ڈاکٹر خلیل احمد ڈوگر نے تمباکو کے استعمال سے نمٹنے کے لیے سپارک کی جاری کوششوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سپارک میں ہم بچوں کے حقوق کے تحفظ اور آنے والی نسلوں کے لیے تمباکو سے پاک ماحول کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔اینٹی ٹوبیکو یوتھ کلب کی ممبر ماہ نور نے تمباکو کے استعمال کو پاکستان کے نوجوانوں کے لیے سب سے بڑا خطرہ بتاتے ہوئے کہا تمباکو نہ صرف ہماری صحت بلکہ ہمارا مستقبل بھی چراتا ہے، ہمیں اپنے نوجوانوں کی حفاظت کے لیے متحد ہونا ہوگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں