پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن پر اعتراض ‘الیکشن کمیشن نے اعتراضات پر جواب جمع کروانے کی ہدایت کردی

الیکشن کمیشن کو جو بھی اعتراض ہے اس کا جواب دیں گے، ہم نے 9 مارچ کو انٹرا پارٹی انتخابات کی تفصیلات جمع کرائی تھیں مگر ہمیں اعتراضات کی تفصیلات نہیں دی گئیں . بیرسٹرگوہرعلی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 30 اپریل 2024 14:51

پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن پر اعتراض ‘الیکشن کمیشن نے اعتراضات پر جواب جمع کروانے کی ہدایت کردی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30 اپریل۔2024 ) پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن پر اعتراض کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے سماعت کی اعتراضات کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ہے. چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر اور چیف فیڈرل الیکشن کمشنر رﺅف حسن آج الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے دوسری جانب سے ڈی جی پولیٹیکل فنانس الیکشن کمیشن مسعود اختر بھی پیش ہوئے الیکشن کمشن میں ڈی جی پولیٹیکل فنانس کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی انتخابات منعقد کرائے سپریم کورٹ کا 23 نومبر اور 22 دسمبر کا فیصلہ ہے جس میں انٹرا پارٹی انتخابات پر اعتراضات ہیں اس کی وضاحت ضروری ہے.

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو جو بھی اعتراض ہے اس کا جواب دیں گے، ہمیں اعتراضات کی تفصیلات نہیں دی گئیں جس پر الیکشن کمیشن نے اعتراضات کی تفصیلات تحریک انصاف کو فراہم کرنے کی ہدایت کی اور ساتھ ہی کمیشن کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف کو اعتراضات پر جواب جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی دوران سماعت بیرسٹرگوہر علی نے موقف اپنایا کہ ہم نے 9 مارچ کو انٹرا پارٹی انتخابات کی تفصیلات جمع کرائی تھیں، ہمیں اعتراضات نہیں بتائے گئے انہوں نے کہا کہ اعترضات بتائے جائیں تو جواب جمع کرا دیں گے، کمیشن نے اعتراضات کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے.

واضح رہے کہ 24 اپریل کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کے نئے انٹرا پارٹی انتخابات پر بھی اعتراضات عائد کرتے ہوئے اسے 30 اپریل کے لیے نوٹس جاری کردیا تھا الیکشن کمیشن نے تیسری بار تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن پر اعتراض عائد کیا ہے اس سلسلے میں الیکشن کمیشن پولیٹیکل فنانس ونگ نے اپنے نوٹس میں پی ٹی آئی کو 30 اپریل کو پیش ہونے کی ہدایت کی تھی.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں