14ویں ساؤتھ ایشین گیمز کو ملک میں کھیلوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے، رانا مشہور احمد خان

بدھ 17 اپریل 2024 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ آئندہ 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز جس کی میزبانی پاکستان کر رہا ہے ، کو ملک میں کھیلوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔بدھ کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام کے چیئرمین نے ساؤتھ ایشین گیمز کے انعقاد کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) کے جنرل سیکرٹری اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین کے درمیان ایک اہم میٹنگ ہوئی جس کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کھلاڑیوں اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے کردار کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔دوران گفتگو چیئرمین یوتھ پروگرام نے کہا کہ آئندہ 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز جس کی میزبانی پاکستان کر رہا ہے ، کو ملک میں کھیلوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اجلاس میں کھیلوں کی بہتری اور نوجوانوں کی ترقی کے لئے سٹرٹیجک شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ دونوں فریقوں نے کھلاڑیوں اور نوجوانوں کے لئے مضبوط سپورٹ میکانزم فراہم کرنے کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا، قومی اور بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر ان کی مجموعی ترقی اور کامیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے درمیان اشتراک، ہم آہنگی اور تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز کرتا ہے جو پاکستان کے کھیلوں کے منظر نامہ کو بلند کرنے اور اس کے نوجوانوں کو ایک روشن مستقبل کے لئے بااختیار بنانے کے لئے تیار ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں