ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر صدر کا اپنے دائرہ اختیار کے حامل مختلف علاقوں میں دورہ

جمعرات 18 اپریل 2024 11:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) ترجمان آئی سی ٹی کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر صدر نے قیمتوں کی جانچ کے لیے پھلوں اور سبزیوں کے اسٹالز کا معائنہ کیا اور مطلع شدہ قیمتوں کی فہرستوں کی ریٹ لسٹ آویزاں کروائی، اسسٹنٹ کمشنر صدر نے نان اور روٹی کی نئی قیمتوں کی اطلاع کو نافذ کرنے کے لیے تندوروں کا معائنہ کیا اور خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ عائد کیا گیا ،اس کے ساتھ ساتھ کھلے پیٹرول ، ڈیزل، اور ایل پی جی کو زائد قیمتوں پر فروخت کرنے والی ایجنسیوں کو سیل کر دیا گیا اور دو افراد کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا، اسسٹنٹ کمشنر صدر نے اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کے ہمراہ صفائی ستھرائی اور قیمتوں کے حوالے سے گوشت کی دکانوں اور دیگر ریسٹورنٹس وغیرہ کو چیک کیا، اسسٹنٹ کمشنر صدر نے خلاف ورزی کرنے والوں کو 40000/- روپے جرمانہ عائد کیا اور دیگر کو وارننگ جاری کی گئی،واضح رہے کہ روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں میں اضافے ، پیشہ ور بھکاریوں ، غیر قانونی پٹرول فیلنگ ایجنسیوں ، ایل پی جی فیلنگ اسٹیشنز و دیگر کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں