پاکستان تحریک انصاف کی بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ کی صحت میں واضح بگاڑ کے باوجود ان کے میڈیکل ٹیسٹس نہ کروانے کی شدید مذمت

جمعرات 18 اپریل 2024 21:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2024ء) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ کی صحت میں واضح بگاڑ کے باوجود ان کے میڈیکل ٹیسٹس نہ کروانے کی شدید مذمت کی گئی ہے ۔ترجمان تحریک انصاف کے مطابق مینڈیٹ چور اور ان کے سرپرست باہم گٹھ جوڑ سے سفّاکیت کی بدترین تاریخ رقم کررہے ہیں، محترمہ بشریٰ بی بی اپنی قید سے قبل مکمل طور پر تندرست تھیں، ایک بیہودہ مقدمے میں ناجائز طور پر قید کئے جانے کے بعد محترمہ بشریٰ بی بی کو زہریلا کھانا دیا گیا جس سے ان کے نظامِ انہضام میں بگاڑ پیدا ہوا، زہر ملے کھانا کھانے کی وجہ سے محترمہ بشریٰ بی بی کے کھانے کے معمولات میں تشویشناک تغیر پیدا ہوا ہے اور نظامِ انہضام بھی اسی کے زیرِ اثر ہے، مسئلے کی مناسب تشخیص کیلئے میڈیکل ٹیسٹس اور اپنے قابلِ بھروسہ معالج سے علاج محترمہ بشریٰ بی بی کے بنیادی حقوق ہیں جنہیں ظالم عدالتی احکامات کے باوجود تسلیم کرنے سے انکاری ہیں، ترجمان تحریک انصاف نے ایک بیان میں کہاکہ تشخیص و علاج میں تاخیر سے محترمہ بشریٰ بی بی کی صحت میں سنگین بگاڑ کا اندیشہ ہے جس کے ذمہ دار موجودہ حکمران اور ان کے سرپرست ہوں گے، عدالت اپنے احکامات کی صریح خلاف ورزی کا نوٹس لے اور جیل حکام کی جانب سے کھلی توہین پر کارروائی کرتے ہوئے محترمہ بشریٰ بی بی کو تشخیص و علاج کے بنیادی حقوق مہیا کرے، محترمہ بشریٰ بی بی پوری ہمت، جرات اور استقامت سے اپنے شوہر بانی چیئرمین عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہیں اور ظالموں کے ظلم کے سامنے جھکنے پر ہرگز آمادہ نہیں۔

(جاری ہے)

ظلم کا یہ باب بند نہ کیا گیا تو ظالموں کا محاسبہ قوم خود کرے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں