واپڈانے منگلا بحالی اور اپ گریڈیشن منصوبہ کے تحت یونٹ نمبر9 اور 10کے لئے 220کے وی، 168.75ایم وی اے صلاحیت کے دو جنریٹر سٹپ اپ ٹرانسفارمرز کے ڈیزائن اور فراہمی کے لئے کنٹریک ایوارڈ کر دیا

جمعہ 19 اپریل 2024 16:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) واپڈانے منگلا بحالی اور اپ گریڈیشن منصوبہ کے تحت یونٹ نمبر9 اور 10کے لئے 220کے وی، 168.75ایم وی اے صلاحیت کے دو جنریٹر سٹپ اپ ٹرانسفارمرز کے ڈیزائن اور فراہمی کے لئے کنٹریک ایوارڈ کر دیا، کنٹریکٹ کی مالیت 62لاکھ 87 ہزار 292امریکی ڈالر ہے، کنٹریکٹ کا دورانیہ 400 دِنوں پر مشتمل ہے۔ جمعہ کو واپڈاکی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق معاہدے پرد ستخط کرنے کی تقریب جمعہ کو واپڈا ہاؤس میں منعقد ہوئی۔

واپڈا کے جنرل منیجر (ہائیڈل) ڈویلپمنٹ احسان اللہ اور چینی کمپنی سی ایچ آئی این ٹی کے نمائندے ژائفرژاؤ نے معاہدے پر دستخط کئے۔ ممبر فنانس واپڈا نوید اصغر چوہدری، ممبر پاور واپڈا جمیل اختر، منگلا بحالی اور اپ گریڈیشن منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر، واپڈا کے سینئر آفیسرز، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے نمائندے بھی اس موقع پر موجودتھے۔

(جاری ہے)

واپڈا، منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی اپ گریڈیشن منصوبے پر کام کررہا ہے۔ منصوبے کا منظور شدہ پی سی - وَن، 52ارب 22کروڑ 40لاکھ روپے پر مشتمل ہے۔منگلا اپ گریڈیشن منصوبے کو مختلف مراحل میں مکمل کیا جارہا ہے۔ جس کے تحت ایک وقت میں صرف ایک سرنگ یعنی دو پیداواری یونٹوں کو بند کرکے اُن کی اپ گریڈیشن کی جاتی ہے۔ منگلا اپ گریڈیشن پراجیکٹ کو 11مختلف پیکجز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پہلے دویونٹوں کی اپ گریڈیشن 2022ء میں مکمل ہوچکی ہے، جبکہ تمام 10پیداواری یونٹوں کی اپ گریڈیشن 2027-28ء تک مکمل ہوجائے گی۔ منگلا اپ گریڈیشن منصوبے کی تکمیل پر منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی موجودہ پیداواری صلاحیت ایک ہزار میگاواٹ سے بڑھ کر ایک ہزار 310میگاواٹ ہوجائے گی جبکہ نیشنل گرڈ کو ہر سال مہیا کی جانے والی بجلی بھی 5 ارب یونٹ سے بڑھ کر 6 ارب 60 کروڑ یونٹ ہو جائے گی۔منگلا اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے لئے یو ایس ایڈ 150ملین ڈالر بطور گرانٹ اور اے ایف ڈی 90 ملین یورو بطور قرضہ مہیا کررہے ہیں جبکہ بقیہ رقم کا انتظام واپڈا اپنے وسائل کے ذریعے کررہا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں