کامسٹیک نے مسلم دنیا کو چین کی جامعات سے جوڑنے کے لیے پروگرام شروع کیے ہیں، کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری

پیر 29 اپریل 2024 18:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ کامسٹیک نے مسلم دنیا کو چین کی جامعات کے ساتھ جوڑنے کے لیے چینی اداروں کے ساتھ صلاحیت سازی کے پروگرام شروع کیے ہیں۔ یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں کامسٹیک میں چینی میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں پیچھے رہنے کی بنیادی وجہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں تربیت یافتہ محققین اور تکنیکی عملے کی عدم دستیابی ہے، اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہنان یونیورسٹی آف چائنیز میڈیسن اور کامسٹیک نے سائنس اور ٹیکنالوجی کی استعداد کار بڑھانے کے لیے مختلف طبی اور سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور میتھمیٹکس کے شعبوں میں تکنیکی ماہرین کو تربیت فراہم کرنے کے لیے مشترکہ پروگرام شروع کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے پہلے مرحلے کے دو حصے ہیں، ٹیکنیشن ٹریننگ پروگرام اور ہنان یونیورسٹی میں پوسٹ ڈاکٹریٹ پروگرام۔ انہوں نے بتایا کہ کامسٹیک اسی طرح کے پروگرام ننگبو یونیورسٹی اور سنکیانگ میڈیکل یونیورسٹی کے ساتھ شروع کرنے جا رہا ہے۔ کامسٹیک پہلے ہی سائبر سکیورٹی کے شعبے میں ہواوے ٹیکنالوجیز چائنا کے ساتھ ایک مشترکہ پروگرام شروع کر چکا ہے۔

پروگرام منیجر کامسٹیک خزیمہ معظم نے سامعین کو کامسٹیک اور ہنان یونیورسٹی آف چائنیز میڈیسن کے مشترکہ سائنس و ٹیکنالوجی تعاون کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہنان یونیورسٹی آف چائنیز میڈیسن اور کامسٹیک نے سائنس و ٹیکنالوجی کی استعداد کار بڑھانے کے لیے مختلف طبی اور سٹم شعبوں میں ٹیکنیشنز کو تربیت دینے کے لیے پروگرام شروع کیا ہے، اس پروگرام کے تحت سوڈان، انڈونیشیا، پاکستان، کیمرون، مصر، قزاخستان اور بنگلہ دیش سے متنوع تعلیمی اور پیشہ ورانہ پس منظر کے حامل 13 اسکالرز کا انتخاب کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام میں خواتین امیدواروں کو خصوصی ترجیح دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی پروگرام مئی میں شروع رہا ہے جس میں این ایم آر، ایم آر آئی اور ایتھنو میڈیسن انوویشن اور روایتی چینی ادویات کی تربیت شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تکنیکی دورے بھی اس تربیتی پروگرام کا حصہ ہوں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں