پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین محمد جہانزیب خان کی زیر صدارت سینٹرل ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس، 6.7 بلین ڈالر کے ML-1 پروجیکٹ کی (ایکنک) کی ایگزیکٹو کمیٹی کو سفارش

جمعرات 23 مئی 2024 01:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2024ء) سینٹرل ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین محمد جہانزیب خان کی زیر صدارت بدھ کو اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں 6.7 بلین ڈالر کے ML-1 پروجیکٹ کی قومی اقتصادی کونسل (ایکنک) کی ایگزیکٹو کمیٹی کو بھیجنے کی سفارش کی ۔ اجلاس میں 23 ارب روپے مالیت کے 7 منصوبوں کی منظوری اور چار منصوبوں جس کی مالیت 82.24 ارب روپے ہے کو غور کے لیے قومی اقتصادی کونسل (ایکنک) کی ایگزیکٹو کمیٹی کو بھجوانے کی سفارش کی ۔

اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ اویس منظور سمرا، ایڈیشنل سیکرٹری پلاننگ، پلاننگ کمیشن کے سربراہان اور ممبران کے علاوہ وفاقی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ایجنڈے میں ٹرانسپورٹ اور مواصلات، زراعت اور خوراک، تعلیم، توانائی، صحت، اعلیٰ تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور فزیکل پلاننگ اور ہائوسنگ کے شعبوں کے منصوبوں پر بات چیت شامل تھی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ٹرانسپورٹ اور کمیونیکیشن سیکٹر سے متعلق تین منصوبے پیش کیے گئے۔ پہلا پروجیکٹ پاکستان ریلوے کی موجودہ مین لائن (ML-1) کی اپ گریڈیشن کے لیے دوبارہ ترمیم شدہ PC-1 اور حویلیاں کے قریب ڈرائی پورٹ کا قیام جن کی مالیت 6.7 ارب ڈالر ہےمزید غور کے لیے ایکنک کو بھجوانے کی سفارش کی ۔ منصوبے کے نفاذ کا انتظام عمل درآمد یونٹ / چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک)، پاکستان ریلویز، وزارت ریلوے ای پی سی موڈ کے تحت ہے۔

سی پیک فریم ورک معاہدے کے تحت اس منصوبے کو غیر ملکی فنڈنگ کے ذریعے فنانس کرنے کی تجویز ہے۔ پاکستان ریلوے کا نیٹ ورک ٹرانسپورٹ سیکٹر کا ایک اہم حصہ ہے اور یہ لوگوں اور سامان کی نقل و حرکت میں سہولت فراہم کرتا رہا ہے۔ اجلاس میں پیش کردہ ٹرانسپورٹ اور کمیونیکیشن سیکٹر کا دوسرا منصوبہ "میرپور اسلام گڑھ روڈ پر ریزروائر چینل کے پار راٹھوا ہرایم پل کی تعمیر" جس کی قیمت 9239.534 ملین روپے ہے، مزید غور کے لیے ایکنک کو بھیجنے کی سفارش کی گئی۔

اجلاس میں ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن سیکٹر کا تیسرا منصوبہ مظفر آباد-مانسہرہ ایکسپریس وے کی تعمیر (26.300 کلومیٹر) پیکیج-I: کلومیٹر۔ 4+550 سے 7+750 پیکیج -II: کلومیٹر۔ 0+000 سے 4+550 اور 7+750 سے 26+300 (نظرثانی شدہ) ہےجن کی مالیت58079.852 ملین روپے ہے مزید غور کے لیے ایکنک کو بھیجنے کی سفارش کی گئی۔ پروجیکٹ کے پہلے مرحلے کی مالی اعانت سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ کے ذریعے 100 ملین ریال کی موجودہ فنڈنگ سے کی جائے گی پروجیکٹ کا فیز 2 بقیہ پروجیکٹ کا احاطہ کرے گا جس میں 3.4 کلومیٹر لمبی ٹنل اور ایکسپریس وے کی تعمیر شامل ہے، فیز 1 کے پروجیکٹ کے پہلے سال اور 2 سال یعنی 1 جولائی سے شروع ہونے والی مدت کے دوران بیلنس حصے کے لیے قرض کا بندوبست کیا جائے گا۔

اجلاس میں پیش کردہ تعلیم سے متعلق پروجیکٹ "آزاد جموں کشمیر (مظفر آباد، پونچھ اور باگ) اور گلگت بلتستان (گلگت، سکردو اور استور) میں دانش سکولوں کا قیام" کے نام سے 14927.478 ملین روپے مالیت کی ایکنک کو مزید غور کے لیے سفارش کی گئی ۔ موجودہ وفاقی حکومت آزاد جموں و کشمیر اور جی بی میں دانش سکول قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس مقصد کے لیے ضلع میں اراضی تجویز کی گئی ہے ۔

آزاد جموں و کشمیر اور جی بی میں دانش سکول کا قیام صوبے میں تعلیم کے شعبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اجلاس میں ہائر ایجوکیشن سے متعلق تین پراجیکٹس پیش کیے گئے جن میں اے جے کے وومن یونیورسٹی باغ کا قیام ہے جن کی مالیت 1795.273 ملین روپے ہے۔ دوسرا منصوبہ تعلیمی اور تحقیقی سہولیات کی فراہمی ایئر یونیورسٹی اسلام آباد (نظرثانی شدہ) ہے۔

تیسرا پراجیکٹ ایجوکیشن سٹی، ملیر کراچی میں سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کیمپس کی ترقی اجلاس میں پیش کیے گئے۔ فورم نے 2852.504 ملین روپے کے تینوں منصوبے ہائر ایجوکیشن سیکٹر کے حوالے سے تفصیلی بحث کے بعد منظور کر لیے۔ اجلاس میں صحت کے شعبے سے متعلق ایک پراجیکٹ پیش کیا گیا جس کا نام ’’نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام خیبرپختونخوا‘‘ ہے جن کی 2548 ملین کی منظوری سی ڈی ڈبلیو پی فورم نے دی۔

اجلاس میں فوڈ اینڈ ایگریکلچر سیکٹر سے متعلق ایک پراجیکٹ پیش کیا گیا جس کا نام "پروفیشنل کیپیسٹی بلڈنگ اینڈ ایکسٹینشن ان ایگریکلچرTVET نیشنل ریفارم پروگرام ہےجو6300 ملین روپے کا ہے سی ڈی ڈبلیو پی نے منظور کر لیے۔ اس منصوبے کی مالی معاونت غیر ملکی فنڈنگ سے کرنے کی تجویز ہے۔ اجلاس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق ایک پروجیکٹ پیش کیا گیا جس کا نام "پاکستان میں گہری خلائی فلکیاتی رسد گاہوں کا قیام" ہے جو 5337.747 ملین کا ہے سی ڈی ڈبلیو پی نے منظور کیا۔ اجلاس میں فزیکل پلاننگ اور ہاؤسنگ سے متعلق ایک پروجیکٹ پیش کیا گیا جس کا نام "اسلام آباد ٹیکنو پولس کا انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ" ہے جس کے لیے 1985 ملین کی سفارش کی گئی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں