سپورٹس کی عالمی صنعت کا سالانہ کاروباری حجم 645 ارب ڈالر،

استفادہ کے لئے پاکستان کو نئی منڈیوں کی تلاش کی ضرورت ہے، رپورٹ

جمعرات 13 دسمبر 2018 11:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) سپورٹس کی عالمی صنعت کا سالانہ کاروباری حجم 645 ارب ڈالر سے زائد ہے، مالیات کے شعبہ میں فنی و پیشہ وارانہ خدمات فراہم کرنے والے بین الاقوامی ادارے کے پی جی ایم کے اعداد وشمار کے مطابق سال 2016ء کے دوران کھیلوں کے ملبوسات، آلات اور جوتوں وغیرہ کی عالمی تجارت کا حجم 310 ارب ڈالر رہا جبکہ شعبہ میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیرات، سپورٹس کلبز اور کھلیلوںکے انعقاد وغیرہ پر دنیا بھرمیں 335 ارب ڈالر کے اخراجات کئے گئے۔

سپورٹس کی عالمی منڈی سے استفادہ کے لئے پاکستان کو روایتی منڈیوں کی بجائے نئی منڈیوں کی تلاش اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مصنوعات کی تیاریے کے لئے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔ منصوبہ بندی کمیشن کے سابق ڈپٹی چیئرمین ندیم الحق نے کہا ہے کہ کھیلوں کی صنعت تیزی سے ترقی کرنے والی صنعتوں میں شامل ہے اور ایک سال کے دوران ریسلنگ کے کھیل کی مارکیٹ 6 ارب ڈالر سے زائد رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کے شہر سیالکوٹ کی کھیلوں کی صنعت کی تیار کردہ مصنوعات دنیا کے مختلف ممالک کو برآمد کی جارہی ہیں تاہم یہ برآمدات استعداد سے کم ہیں ۔ کے پی جی ایم کے مطاابق سال 2000ء کے بعد سے کھیلوں پر خرچ کئے جانے والی عالمی بجٹ میں اوسط سالانہ 17 فیصد کا اضافہ ہواہے جو شعبہ کی ترقی کی عکاسی کرتا ہے۔ ندیم الحق نے کہاکہ کھیلوں کی صنعت کے فروغ اور برآمدات میں اضافہ کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کے ساتھ ساتھ نئی منڈیوں کی تلاش پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے تاہم شعبہ کی بھرپور ترقی کے لئے حکومت کی سرپرستی بھی ضروری ہے تاکہ جامع حکمت عملی کے تحت پالیسی مرتب کرکے کھیلوں کی صنعت کی ترقی سے حقیقی استفادہ کیا جا سکے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں