وزیراعظم کا جیکب آباد میں پینے کے صاف پانی، سڑکوں کی مرمت شہر کی ترقی اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے 100 کروڑ روپے کا اعلان

جدید وومن ووکیشنل ٹریننگ سینٹر، دیہات کیلئے بجلی و گیس کی فراہمی، پاسکو سینٹر کے قیام اور قومی صحت کارڈ کے اجراء سمیت متعدد منصوبہ جات پر مشتمل جامع پیکیج کا اعلان وزیراعظم محمد نواز شریف کا جیکب آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب

جمعہ 14 اپریل 2017 19:17

جیکب آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے جیکب آباد کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے 100 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈ، جدید وومن ووکیشنل ٹریننگ سینٹر، نواحی دیہات کیلئے بجلی و گیس کی فراہمی، پاسکو سینٹر کے قیام اور قومی صحت کارڈ کے اجراء سمیت متعدد منصوبہ جات پر مشتمل جامع پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وقت بدل رہا ہے، حالات بدلیں گے، اب صرف نعروں پر ووٹ نہیں ملے گا، کچھ کرنے سے ووٹ ملے گا، جو ترقی اسلام آباد، پنجاب اور بلوچستان میں ہو رہی ہے وہ سندھ اور کے پی کے میں بھی ہونی چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی، سابق سپیکر قومی اسمبلی الٰہی بخش سومرو، سینیٹر راحیلہ مگسی، صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ بابو سرفراز، مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنماء اسلم ابڑو اور سجاد علی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ میری نظر میں پاکستان میں سب سے زیادہ مستحق لوگ جیکب آباد کے لوگ ہیں، اگر پاکستان میں کسی ترقی یافتہ ضلع یا شہر کو 100 کروڑ روپے دیئے جانے چاہئیں تو جیکب آباد کو 200 کروڑ روپے دیئے جانے چاہئیں۔ اگر اسلام آباد کو 200 کروڑ روپے دیا جانا چاہئے تو جیکب آباد کو 400 کروڑ دیا جانا چاہئے، یہ ان کا حق ہے۔ جیکب آباد کے رہنے والے بھی اتنے ہی باعزت، اتنے ہی خوشحال ہونے چاہئیں جتنا اسلام آباد، لاہور، کراچی اور کوئٹہ کا رہنے والا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود بڑی تعداد میں لوگوں کی عوامی اجتماع میں شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بالخصوص خواتین کی بڑی تعداد میں شرکت قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ کچھ آس امید لے کر آئے ہیں اور جو جذبہ دیکھ رہا ہوں اس سے مجھے محسوس ہو رہا ہے کہ یہاں کے عوام کو مایوس کیا گیا ہے، اگر مایوس نہ کیا ہوتا تو شدید گرمی میں دن کے ایک بجے اتنی بڑی تعداد میں لوگ جوش و جذبہ سے یہاں نہ بیٹھے ہوتے۔

انہیں امید ہے کہ انشاء الله حالات بدلیں گے اور میں یقین دلاتا ہوں کہ حالات بدلیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میرا سندھ کی حکومت سے سوال ہے کہ ان بھائیوں اور بہنوں کا کچھ تو خیال کیا ہوتا ان کی امیدوں پر آپ نے پانی پھیر دیا، ان کا کچھ تو سنوارا ہوتا، یہاں سڑکیں، سکول اور ہسپتال بنتے، یہاں پر ترقی کا پہیہ چلتا ہوا نظر آتا، پینے کا صاف پانی نہیں ہے۔

مجھے بتایا گیا کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس بی کے سب سے زیادہ کیسز جیکب آباد میں ہیں جو بہت افسوس اور دکھ کی بات ہے، یہاں غربت اور بے روزگاری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس زمانے میں یہ حال ہے، دنیا اکیسویں صدی سے کتنا آگے نکل گئی ہے اور جیکب آباد آج سے سو سال پہلے والا جیکب آباد ہے، یہاں کچھ نہیں بدلا۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہاں کے لوگوں کا کچھ خیال کیا جانا چاہئے، حکومتیں صرف حکومت کرنے کے لئے نہیں ہوتیں، عوام کا درد رکھنے والی کو حکومت کہا جاتا ہے۔

وزیراعظم نے یقین دلایا کہ انشاء الله وقت بدلے گا، وقت بدل رہا ہے، اب صرف نعروں پر ووٹ نہیں ملے گا، نعروں پر ووٹ ملنا بھی نہیں چاہئے، کچھ کرنے سے ووٹ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو ترقی اسلام آباد، پنجاب اور بلوچستان میں ہو رہی ہے وہ سندھ اور کے پی کے میں بھی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی جائیں تو ہر طرف کچرا اور دھول اڑتی نظر آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جب بھی اقتدار میں آئے سب سے پہلے ہم نے امن قائم کیا، 1991ء میں آئے تو سندھ بالخصوص دیہات میں امن قائم کیا، سندھ کے اندر لوگ رات کے دو بجے بھی بلا خوف سفر کرتے تھے، کوئی ڈر نہیں تھا کسی کو ڈاکوئوں سے لٹ جانے کا خوف نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سے پہلے کراچی بدامنی، انتشار اور دہشت گردی کا شکار تھا اور ہم نے آ کر کراچی کو ٹھیک کیا، یہ ہمارا فرض ہے اور اگر وہاں پر مقامی رکاوٹیں نہ پڑتیں تو یہی کراچی آج سے سال پہلے ٹھیک ہو چکا ہوتا، وقت اس لئے زیادہ لگا کہ وہاں مقامی رکاوٹیں سامنے آئیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے تہیہ کیا کہ جب تک کراچی کے امن کو بحال نہیں کیا جاتا چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی امن کے حوالے سے بہت بہتر ہو چکا ہے، کاش کہ ترقی کے حوالے سے بھی پہلے سے بہتر ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ جیکب آباد کے لوگ بھی ہماری طرف امید کی نظریں لگائے ہوئے ہیں اور میں بھی بڑے پیار سے ان کو دیکھ رہا ہوں۔ میرا دل چاہتا ہے کہ میں ان کے لئے کچھ کروں، اپنے نوجوانوں کے لئے کچھ کروں۔

اپنی بہنوں کے لئے کچھ کروں ۔ میں چاہتا ہوں کہ یہاں کے حالات بدلیں یہاں خوشحالی آئے، یہاں بچے پڑھے لکھیں۔ یہ سب چیزیں بدلنی چاہئیں اور انشاء الله جلدی بدلنی چاہئیں، اس میں دیر نہیں لگنی چاہئے۔ وزیراعظم نے جیکب آباد کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں ٹوٹی پھوٹی سڑکیں ہیں، سیلاب آیا تو کتنی تباہی ہوئی۔ وزیراعظم نے جیکب آباد میں پینے کے صاف پانی، سڑکوں کی مرمت شہر کی ترقی اور عوام کی بہبود کے لئے 100 کروڑ روپے کا اعلان کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس رقم کو بہت اچھے طریقے سے خرچ کیا جائے گا جبکہ نگرانی کے لئے بھی ایک ٹیم بنائی جائے گی، یہ رقم عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں گے۔

وزیراعظم نے خواتین کے لئے جدید ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کے قیام کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنمائوں کے مطالبہ پر جیکب آباد کے لئے 100 ٹرانسفارمرز کی فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسلام آباد جا کر فوری طور پر اس کی باقاعدہ منظوری بھی دے دیں گے۔ وزیراعظم نے جیکب آباد میں پاسکو سینٹر کے قیام، جیکب آباد کے دیہات کے لئے بجلی اور گیس کی فراہمی اور جیکب آباد شہر کے لئے گیس کی نئی لائنوں کا بھی اعلان کیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر جیکب آباد کے غریب اور نادار افراد کو صحت کی مفت سہولیات کی فراہمی کے لئے قومی صحت کارڈ جاری کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ انشاء الله اگلے چند دنوں میں اس سلسلے میں ٹیم روانہ کی جائے گی جو فوری طور پر سروے کر کے ہیلتھ کارڈ پیش کرے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں جو کہتا ہوں اس پر عمل کرتا ہوں اور عمل کر کے دکھائوں گا۔

وزیراعظم نے بلڈ کینسر کا شکار جیکب آباد کے ایک رہائشی 30 سالہ پرویز احمد کا خود علاج کرانے کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعظم نے ملک میں ہونے والی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم موٹر ویز بھی بنا رہے ہیں، سندھ میں بھی بنا رہے ہیں، الله کے فضل و کرم سے بجلی کے کارخانے بھی لگا رہے ہیں، ہم یہاں پر کوئلہ سے بجلی کے کارخانے لگا رہے ہیں اور وہ وقت آنے والا ہے جب لوڈ شیڈنگ کی لعنت ہمیشہ کے لئے ملک سے ختم ہو جائے گی۔

وزیراعظم نے سٹیج پر موجود بزرگ سیاسی رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی الٰہی بخش سومرو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے بزرگ الٰہی بخش سومرو کا بڑا ممنون ہوں، وہ بھی آج ہمارے ساتھ موجود ہیں جو ہمارے مخلص اور نیک دل ساتھی ہیں، میں ان کو سلام پیش کرتا ہوں۔ تقریب سے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، مسلم لیگ (ن) کے صوبائی و مقامی رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں