جامشورو کا لاکھڑا پاور پلانٹ بند،

ملازمین بیروزگار،مستقبل غیریقینی حکومت کی جانب سے سب سے سستی بجلی بنانے والے پاور ہائوس کو بند کرنے کا کوئی نوٹیفیکیشن بھی جاری نہیں کیا گیا،نہ ہی وجوہات بتائی گئی ہیں

بدھ 3 اکتوبر 2018 13:42

جامشورو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2018ء) چین کے تعاون سے 14 ارب روپے کی لاگت سے بنایا گیا سستی بجلی تیار کرنے والا لاکھڑا پاور ہائوس بند کر دیا گیاہے۔ جامشورو میں موجود لاکھڑا پاور ہائوس کو 1988میں چین کے تعاون سے 14ارب روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا تھا۔ پاور ہائوس اب ایک کھنڈر کا منظر پیش کررہا ہے۔لاکھڑا پاور ہائوس کی خاصیت کوئلے کی مدد سے سستی بجلی تیار کرنا تھی ۔

پاور ہائوس میں50،50میگا واٹ بجلی تیار کرنے کی تین مشینیں لگائی گئی تھیں۔گذشتہ سال 20 جولائی کو شارٹ سرکٹ کے باعث مشینیں جل کر راکھ ہوگئیں مگر ملازموں نے اپنی مدد آپ کے تحت دن رات کام کرکے مشینوں کو ٹھیک کرلیا۔پاور ہائوس سے اب بھی 35میگا واٹ بجلی تیار کی جا سکتی ہے مگر حکومت کی جانب سے پاور ہائوس کی بحالی کے لیئے فنڈزجاری نہیں کیے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

جامشورو لاکھڑا پاور ہائوس میں کوئلے کی مدد سے تیار ہونے والا بجلی کا فی یونٹ چار روپے میں پڑتا تھا اور معاہدے کے تحت نیپرا کو دس روپے فی یونٹ میں فروخت کیا جاتا تھا۔ذرائع کے مطابق پاور ہائوس کی بحالی کے لئی20 کروڑ روپے کی رقم درکار ہے۔حکومت کی جانب سے سب سے سستی بجلی بنانے والے پاور ہائوس کو بند کرنے کا کوئی نوٹیفیکیشن بھی جاری نہیں کیا گیا،نہ ہی وجوہات بتائی گئیں۔ تقریبا 14 ماِہ سے اس پاور ہائوس میں بجلی کی پیداواربند ہے جس کے باعث سینکڑوں ملازم بیروزگار ہیں جبکہ کئی ملازمین تنخواہ سے محروم بھی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

جامشورو میں شائع ہونے والی مزید خبریں