گرجا گھروں پرکوئی حملہ کرے تو مسلمانوں پر فرض ہے کہ جہاد کریں،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ

کوئی مسلمان ایسا نہیں جو حضرت عیسیٰ کو پیغمبر نہ مانے، آپ کو چرچ بنانے کا اتنا ہی حق ہے جتنا مسلمان کو مسجد بنانے کا ہے،سانحہ جڑانوالہ کے متاثرین سے گفتگو گرجا گھروں پر حملے نبی پاک ؐ کی واضح ہدایات اور خلفائے راشدین ؓکے روشن کردار کی سنگین خلاف ورزی ہے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا بیان

ہفتہ 19 اگست 2023 15:14

گرجا گھروں پرکوئی حملہ کرے تو مسلمانوں پر فرض ہے کہ جہاد کریں،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ
فیصل آباد/جڑانوالہ/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2023ء) سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج اور نامزد چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ گرجا گھروں پر کوئی حملہ کرے تو مسلمانوں پر فرض ہے کہ جہاد کریں،گرجا گھروں پر حملے نبی پاک صل اللہ کی واضع ہدایات اور خلفائے راشدین کے روشن کردار کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ہفتہ کوجسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جڑاوالہ میں عیسیٰ نگری کا دورہ کر کے متاثرین سے ملاقات کی ، انہوں نے مختلف گھروں کا بھی معائنہ کیا۔

اس موقع پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے متاثرین کی نقد مالی امداد کی اور ان کی اہلیہ نے متاثرین میں راشن تقسیم کیا۔اس موقع پر متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ جڑانوالہ واقعے کا بہت افسوس ہے، آپ کے غم میں برابرکاشریک ہوں، آپ کے بھی باقی سب کی طرح حقوق ہیں، سب برابر کے شہری ہیں اور کسی کو کسی پر کوئی برتری نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوئی مسلمان ایسا نہیں جو حضرت عیسیٰ کو پیغمبر نہ مانے، آپ کو چرچ بنانے کا اتنا ہی حق ہے جتنا مسلمان کو مسجد بنانے کا ہے، گرجا گھروں پرکوئی حملہ کرے تو مسلمانوں پرفرض ہے کہ جہاد کریں۔نامزد چیف جسٹس نے کہا کہ اپنے عہدے کی وجہ سے یہاں نہیں آیا، ایک شہری کے طور پر دوسرے شہری کے پاس آیا ہوں، ہر انسان کا فرض ہے آپ کی مدد کرے، آپ لوگوں کی مدد ہمارا دینی فریضہ ہے۔

بعد ازاں اپنے بیان میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکہ گمراہوں کے بے ہنگم ہجوم نے متعدد گرجا گھروں مسیحی آبادی مکانات کو جلایا، واقعہ کا جان کر مجھے ایک مسلمان، پاکستانی اور انسان ہونے کے ناطے دلی صدمہ اور دکھ پہنچا۔ انہوںنے کہاکہ گرجا گھروں پر حملہ کرنے والوں نے قرآن شریف کے احکامات کی خلاف ورزی کی، گرجا گھروں پر حملے نبی پاک ﷺ کی واضح ہدایات اور خلفائے راشدین ؓکے روشن کردار کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

انہوںنے کہاکہ اسلامی شریعت کی اس خلاف ورزی کو کسی بدلے یا انتقام سے جواز نہیں دیا جا سکتا،گمراہوں کا یہ اقدام بانی پاکستان کی اقلیتوں کو دی گئی ضمانت کی بھی خلاف ورزی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کے آئین اور قانون کا پامال کیا گیا، قومی پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بناتا ہے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکہ آئین پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی فراہم کی گئی ہے، آئین کی پامالی سنگین غداری میں شمار ہوتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ ہر مسلمان کا فریضہ ہے دوسرے مذاہب کے ماننے والوں کی جان و مال جائیداد عبادت گاہوں کی حفاظت کرے، متاثرین کو پہنچنے والے نقصان کی ہر ممکن تلافی کریں۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکہ کسی کے مذہبی جذبات کو مجروع کرنے کی سزا دس سال قید اور جرمانہ ہے۔

جڑانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں