جھنگ،سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے 84 پیسے فی کلومیٹر سے زائد کرایہ وصول کرنے والی گاڑیوں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی

بدھ 21 جنوری 2015 17:04

جھنگ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 جنوری 2015ء)سیکرٹری ٹرانسپورٹ و چیئرمین پنجاب پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے 84 پیسے فی کلومیٹر فی مسافر سے زائد کرائے وصول کرنے والی گاڑیوں کے مالکان ، اڈوں ، ڈرائیورز ، کنڈیکٹرز کے خلاف فوری سخت کاروائی کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ چونکہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اوروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث فیصل آباد ، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ سمیت صوبہ بھر کے تمام 36 اضلاع کے تمام روٹس پر چلنے والی ہر قسم کی بڑی و چھوٹی گاڑیوں ، کوچز ، ہائی ایس ویگنوں ، مزدا ویگنوں میں سفر کرنے والے مسافروں کیلئے تمام شاہرات پر فی مسافر فی کلومیٹر کرایہ 84پیسے مقرر کیاگیاہے اس لئے متعلقہ روڈز پر چلنے والی گاڑیوں کے مالکان مقررہ شرح کے مطابق کرایہ وصول کریں۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں فیصل آباد ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ ، سرگودھا، ساہیوال ،ملتان ، ڈی جی خان ، بہاولپور ، لاہور کے ڈویژنل کمشنرز ، پنجاب کے تمام 36اضلاع کے ڈی سی اوز ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز ، ڈویژنل ایس پیز ٹریفک ، سٹی ٹریفک پولیس آفیسرز ، سیکرٹریز ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز اور دیگر متعلقہ حکام کے نام جاری کئے گئے مراسلہ میں کہاگیاہے کہ چونکہ جھنگ سے ٹوبہ ، ٹوبہ سے جھنگ کا فاصلہ 37کلومیٹر ہے اس لئے مذکورہ روٹ پر چلنے والی ہر قسم کی ہائی ایس ویگنوں اور دیگر بسوں و ٹرانسپورٹ کا فی مسافر کرایہ 31روپے 8پیسے ، فیصل آبادسے جھنگ ، جھنگ سے فیصل آباد کا کرایہ 63روپے ، چنیوٹ سے جھنگ ، جھنگ سے چنیوٹ کاکرایہ 71روپے 40پیسے مقرر کیاگیاہے نیز اسی طرح لاہور ، شیخوپورہ ، گوجرانوالہ ،سرگودھا ، خوشاب ، میانوالی ،لیہ ، بھکر، ڈیرہ غازی خان ، مظفر گڑھ، لودھراں، اوکاڑہ ، راجن پور و دیگر اضلاع کیلئے بھی اسی شرح سے کرائے متعین ہیں ۔

انہوں نے بتایاکہ مذکورہ کرائے یکم جنوری سے موٹر وہیکل آرڈیننس کی دفعہ 45 کے تحت نافذ العمل ہیں جن کافیصلہ ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز اور ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں کی مشاورت سے کیاگیا تھا۔ انہوں نے بتایاکہ فیصل آباد ڈویژن سمیت دیگر اضلاع سے ایسی میڈی رپورٹس سامنے آرہی ہیں جن میں بتایاگیاہے کہ بسوں ، ویگنوں اوردیگر ٹرانسپورٹ کے مالکان مسافروں سے 84فی کلومیٹر فی مسافر کی بجائے دوگنابلکہ اس سے بھی زائد کرائے وصول کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ اگر آئندہ کسی جگہ سے ایسی کوئی شکایت موصول ہوئی تو ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ تمام سیکرٹریز ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کو حکم دیاگیاہے کہ وہ 84پیسے فی کلومیٹر کے حساب سے اپنے اپنے علاقوں سے مختلف روٹس پر چلنے والی انٹر سٹی روٹس کی گاڑیوں کے کرائے نامے اڈوں سمیت دیگر پبلک مقامات پر نمایاں جگہوں پر آویزاں کروائیں تاکہ نہ صرف مسافروں کو اپنے روٹس پر سفر کے دوران کرایوں کے بارے میں آگاہی حاصل ہوسکے بلکہ زائد کرائے وصول کرنے والوں کی حوصلہ شکنی بھی یقینی بنائی جاسکے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں