یونیورسٹی آف جھنگ کے زیر اہتمام چار روزہ انسداد منشیات آگاہی مہم کا آغاز

پیر 27 جنوری 2020 21:26

جھنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2020ء) یونیورسٹی آف جھنگ کے زیر اہتمام چار روزہ انسداد منشیات آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا۔افتتاح مہمان خصوصی وائس چانسلر یونیورسٹی آف جھنگ پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیرنے چار روزہ مہم کا آغاز ربن کاٹ کرکیا ۔ یونیورسٹی کے طلباء و طالبات نے مہمان خصوصی کاگرم جوشی سے استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔

اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے طلباء و طالبات کی بنائی گئی پینٹنگز کا جائزہ لیا ۔ طلباء وطالبات نے انسدادمنشیات کے حوالے سے آگاہی کے لئے مختلف میڈیمز کا استعمال کیا جن میں وال چاکنگ، پینٹنگ اور آرٹ ورک شامل ہے۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کی والدین کی اپنے بچوں پر عدم توجیعی کا باعث ہے اور اساتذہ کی اپنے سٹوڈنٹس کے ساتھ ہم آہنگی نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان میں منشیات کے عادی افراد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ منشیات کے استعمال سے خود بھی بچیں اور دوسروں کو بھی بچائیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ چارروزہ منشیات کے خلاف آگاہی مہم کا آغازکیا ہے جس کا مقصدانسداد منشیات کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا ہے ۔ نوجوان نسل کو نشے کی لعنت سے بچانے کے لئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ قوم کے معمار اس لعنت سے دور اور معاشرے کو اس برائی سے بچایا جا سکے۔ شرکاء نے منشیات کے خلاف آگاہی مہم کو بے حد سراہا ۔پروگرام کے آخر پر کامیاب پروگرام کے انعقاد پر وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے اینٹی ڈرگ کمیٹی اور طلبا و طالبات کو مبارک باد دی۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں