تیسری مرتبہ وزیر اعظم بننے پر پابندی ختم کرنے کے لیے آئین میں ترمیم ضروری ہے،محمد علی درانی،صدر کی اہلیت کے بارے سپریم کورٹ کافیصلہ تسلیم کیا جائے گا،میڈیا سے بات چیت

پیر 29 اکتوبر 2007 14:00

جھنگ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اکتوبر۔2007ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات محمد علی درانی نے کہا ہے کہ آئین کے تحت تیسری مرتبہ وزیربننے پر پابندی ہے اور یہ پابندی ختم کرنے کے لیے آئین میں ترمیم ضروری ہے جس کے لیے ایوان کے کل ممبران کی دو تہائی اکثریت کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ کراچی میں پیپلزپارٹی کی رہنما بینظیر بھٹو کی ریلی پر حملوں کے سلسلہ میں ان کی طرف سے بعض شخصیات کا نام بغیر تحقیق اور بلاثبوت لینا مناسب نہ ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری شیخ وقاص اکرم ایم این کے بھائی کی دعوت ولیمہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کے پاکستان واپس آنے سے مسلم لیگ کو کوئی خطرہ نہیں ہے مسلم لیگ اپنی بہترین کارکردگی کی بناء پر شاندار کامیابی حاصل کرے گی وفاقی وزیر نے کہا کہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر شفاف ،آزادانہ اور غیر جانبدارانہ ہوں گے اور بلدیاتی ادارے الیکشن پر کسی صورت اثر انداز نہیں ہوں گے انہوں نے کہا کہ صدارتی الیکشن اور صدرکی اہلیت کے بارے میں سپریم کورٹ کا ہر فیصلہ تسلیم کیا جائے گا انہوں نے مزید کہا کہ نگران سیٹ اپ کے لیے سیاسی جماعتوں سے مشاورت جاری ہے اور اسمبلیوں کی مدت پوری ہونے پر غیر جانبدارنگران حکومت منصفانہ اور شفاف انتخابات کرائے گی انہوں نے سوات کی صورتحال پر کہا کہ حکومت سوات میں امن وامان کے قیام اور دہشت گردی روکنے کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں