جھنگ کے صوبائی حلقے پی پی 78۔میں ضمنی الیکشن کے سلسلے میں پولنگ شروع ہو گئی

جمعرات 1 دسمبر 2016 11:29

جھنگ کے صوبائی حلقے پی پی 78۔میں ضمنی الیکشن کے سلسلے میں پولنگ شروع ہو گئی
جھنگ۔یکم دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء) جھنگ کے صوبائی حلقے پی پی 78۔میں آج ہو نے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں پولنگ زیادہ تر پولنگ سٹیشنزپر مقررہ وقت پر شروع ہو گئی ہے،اس سلسلہ میں پولنگ بیگز اور دیگر سامان رینجرز کی نگرانی میں پریزائیڈنگ افسران کے حوالے کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ رات الیکشن کمیشن جھنگ کی جانب سے ضلع کونسل ہال میں قائم ریٹرنگ آفیسر کے دفتر سے پریزائیڈنگ افسران کو انتخابی سامان کی ترسیل رینجرز کی نگرانی میں مکمل کر لی گئی ۔

الیکشن کمیشن کے مطابق رینجرز کو انتخابی سامان کی ترسیل کی ذمہ داری سونپی گئی تھی اور پولنگ کے حوالے سے سیکیورٹی کے انتظامات کی ذمہ داری بھی پاکستان آرمی اور رینجرز کے سپرد کی گئی ہے جو پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر الرٹ رہیں گے اور انہیں مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیار حاصل ہو نگے ۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے مطابق فوج اور رینجرز کو پولنگ کے روز انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 4۔

اور 5۔کے تحت خصوصی اختیارات بھی حاصل ہو نگے ۔ ریٹرنگ آفیسر تنویر الحسن کے مطابق ضمنی الیکشن کے انعقاد کیلئے مردوں کی86 اور خواتین کیلئے 85الگ الگ پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جہاں ۱یک لاکھ 18ہزار چھ سو 27 مرد جبکہ 97ہزار نو سو 35خواتین ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گی۔ ڈی سی او جھنگ کی جانب سے آج مقامی تعطیل کو بھی اعلان کیا گیا ہے ۔ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کی جانب سے حاجی آزاد ناصر انصاری، اہل سنت والجماعت کے حمایت یافتہ مولانا مسرور نواز جھنگوی ،پاکستان پیپلز پارٹی کے سرفراز ربانی ، تحریک انصاف کے شیخ ارفع مجیدجبکہ پاکستان عوامی تحریک نسیم قادری سمیت پچیس امیدوار میدان میں ہیں ۔پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفہ مقررہ وقت تک جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں