گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی بجلی کے استعمال میں بھی زبردست اضافہ

شہری طلب و رسد میں توازن برقرار رکھنے کیلئے بجلی کا سمجھداری سے استعمال یقینی بنائیں کمرشل سطح پر بھی بجلی بچانے کیلئے اقدامات اور کفایت شعاری سے بلوں میں کمی سمیت گھریلو صارفین کو لوڈ مینجمنٹ سے بچایا جاسکتا ہے‘ڈپٹی منیجر ۱ٓپریشن فیسکو

اتوار 2 اپریل 2017 14:10

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2017ء) :ڈپٹی منیجر ۱ٓپریشن فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی جھنگ ڈویژن ون مدثر علی شیخ نے کہا ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی بجلی کے استعمال میں بھی زبردست اضافہ ہوگیا ہے اس لئے شہری طلب و رسد میں توازن برقرار رکھنے کیلئے بجلی کا سمجھداری سے استعمال یقینی بنائیںجبکہ کمرشل سطح پر بھی بجلی بچانے کیلئے اقدامات اور کفایت شعاری سے بلوں میں کمی سمیت گھریلو صارفین کو لوڈ مینجمنٹ سے بچایا جاسکتا ہے ۔

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ موسم گرما کی شدت میں اچانک زبردست اضافہ،موسمی تغیرات اور کمرشل سطح پر ایئر کنڈیشنرز کے ساتھ ساتھ کاروباری،تجارتی و گھریلو صارفین کی جانب سے پنکھوں،ریفریجریٹرز،ڈیپ فریزرز،واٹر ڈسپنسرزوغیرہ کا استعمال بھی بہت زیادہ بڑھ گیا ہے اس لئے بجلی کی طلب و رسد میں عدم اعتدال کی وجہ سے کچھ مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی جاری رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاور ڈسٹری بیوشن سسٹم میں بہتری لانے کیلئے برقی لائنوں کی تبدیلی اور مینٹیننس وغیرہ کا کام بھی جاری و ساری ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر صارفین ذمہ داری و سمجھداری سے بجلی کا استعمال کریں تو لوڈ مینجمنٹ سے بچا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کیلئے کئی میگا پراجیکٹس کو برق رفتاری سے مکمل کررہی ہے اور انشاء اللہ بہت جلد عوام کو لوڈ شیڈنگ سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے نجات مل جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ تمام ایس ڈی اوز سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ برقی لائنوں کی تبدیلی، ضروری مرمت،توسیع اور گرڈ سٹیشنوں کی مینٹیننس سے قبل اسکے اوقات کار کی میڈیا کے ذریعے بھرپور تشہیر کریں تاکہ صارفین کو کسی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور اس کیلئے ان اوقات کا چنائو کیا جائے جس سے کم سے کم صارفین کے متاثر ہونے کا خدشہ ہو۔ ایگزیکٹو انجینئر آپریشن جھنگ ڈویژن ون نے کہا کہ فیسکو کے مقررہ اہداف کے حصول کیلئے تمام وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لائی جارہی ہیں تاکہ فیسکو کے صارفین کو بجلی کی سپلائی جاری رکھنے میں مدد مل سکے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیف ایگزیکٹو فیسکو رشید احمد اسلم کی سربراہی میں کمپنی کے افسران و اہلکاران پہلے سے بھی زیادہ بہتر ، منظم ، مئوثر و فعال انداز میں اپنی خدمات کا تسلسل جاری و ساری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیسکو نے سب سے پہلے موبائل میٹر ریڈنگ کا نظام متعارف کرواتے ہوئے اس سسٹم کو نہ صرف چیلنج سمجھ کر قبول کیا بلکہ سوفیصد درست موبائل میٹر ریڈنگ کے ہدف کا حصول بھی ممکن بنایا۔

انہوںنے کہا کہ موبائل میٹر ریڈنگ سے صارفین کو بہت فائدہ ہوا ہے اور ان کی شکایات کے ازالے کے ساتھ ساتھ فیسکو کے ریونیو میں بھی اضافہ اور لاسز میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ صارفین کا اطمینان ہی سب سے اہم کام اور کمپنی کی کامیابی کی علامت ہوتا ہے اس لئے کمپنی کے افسران عوامی خدمت کے جذبہ کے تحت دن رات ایک کئے ہوئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں