جھنگ کے سینئر صحافی سردار محمد خالد مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے

بدھ 12 اپریل 2017 14:10

جھنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2017ء) جھنگ کے ممتاز سینئر صحافی ، سرکاری خبر رساں ادارے کے سابق نامہ نگار اور پریس کلب و جھنگ یونین آف جرنلسٹس کے مختلف عہدوں پر فرائض سر انجام دینے والے ورکنگ جرنلسٹ سردار محمد خالد بدھ کی علی الصبح مختصر علالت کے بعد اپنے مالک حقیقی سے جا ملے۔مرحوم کی نماز جنازہ وجاہت شہید گرائونڈ سیٹلائٹ ٹائون جھنگ میں ادا کی گئی جس میں مقامی ارکان اسمبلی ،بلدیاتی اداروں کے ارکان ، الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا سمیت آفیشل میڈیا و محکمہ تعلقات عامہ کے حکام ، صحافیوں ، وکلاء ، علماء، دانشوروں ، انتظامی افسران ، تاجروں ، صنعتکاروں ، اساتذہ اور سول سوسائٹی کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعدا د میں شرکت کی۔

بعد ازاں مرحوم و مغفور کو اشکبار آنکھوں کے ساتھ ان کے آبائی قبرستان سیٹلائٹ ٹائون جھنگ میں سپرد خاک کردیا گیا۔

(جاری ہے)

مرحوم کی روح کو ایصال ثواب کیلئے رسم قل و قرآن خوانی (آج) جمعرات کی صبح 8بجے ان کی رہائشگاہ سیٹلائٹ ٹائون جھنگ پر ادا کی جائے گی۔دریں اثناء جھنگ یونین آف جرنلسٹس، پریس کلب جھنگ اور صحافیوں کی دیگر تنظیموں نے سردار محمد خالد مرحوم کی طویل ترین صحافتی ، سماجی ، عوامی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مرحوم کیلئے مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں