ضلع جھنگ کا قدیم و تاریخی علاقہ بلو شہابل بنیادی سہولیات سے محروم

اہلیان علاقہ نے فوری طور پر خادم اعلیٰ پنجاب سے گورنمنٹ گرلز و بوائز ہائر سیکنڈری سکولوں اور ویٹرنری سنٹر کے قیام کی اپیل کر دی

پیر 30 اکتوبر 2017 19:34

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 اکتوبر2017ء) :ضلع جھنگ کا قدیم و تاریخی علاقہ بلو شہابل کل بھی تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہے جس پراہلیان علاقہ نے خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے علاقہ میں فوری طور پر گورنمنٹ گرلز و بوائز ہائر سیکنڈری سکولوں اور ویٹرنری سنٹر کے قیام کی اپیل کی ہے۔معززین علاقہ نے میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایاکہ جہاں ایک طرف اورنج لائن ٹرین ، میٹرو بسز اور توانائی کے اربوں ، کھربوں روپے کے میگا پراجیکٹس پر برق رفتاری سے کام جاری ہے وہیںدوسری جانب تحصیل وضلع جھنگ کا مضافاتی علاقہ بلو شہابل اکیسویں صدی میں بھی زندگی کی تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔

انہوںنے بتایاکہ 14ہزار سے زائد آبادی پر مشتمل اس علاقے میں ڈاکخانہ اور ویٹرنری سینٹر تو دور کی بات زنانہ یا مردانہ ہائی سکولز بھی نہ ہیں جس سے علاقہ کے طلباء و طالبات کو شدید ترین مشکلات اور پریشانی کا سامنا ہے جنہیں زیور تعلیم سے آراستہ ہو نے کیلئے میلوں کا سفر طے کرتے ہوئے دوسرے علاقوں میں جا کر داخلے حاصل کرنا پڑتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب پڑھو پنجاب ،بڑھو پنجاب کے مقولہ پر کاربند ہیں اس لئے آبادی کے تناسب کو مد نظر رکھتے ہوئے انہیں بلو شہابل میں بھی گورنمنٹ گرلز و گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری سکولوں کے قیام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر احکامات جاری اور فنڈز فراہم کرنے چا ہئیں ۔

انہوںنے بتایاکہ موضع بلوشہابل میں بچوںکیلئے ایک بھی ہائی سکول نہیں اس طرح ہزاروں نفوس پر مشتمل اس علاقہ کے بچوں اور بچیوں کو مڈل کے بعد تعلیم کے حصول کے لیے جھنگ شہر جانا پڑتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ موجود دونوں سکولوں کی حالت بھی انتہائی ناگفتہ بہ ہے جس پر سالہا سال سے کسی نے توجہ نہیں دی۔انہوںنے کہاکہ ہائی اسکولز، ڈاک خانہ اور ویٹرنری سینٹر کے قیام کے لیے سینکڑوں مرتبہ علاقہ کے بااثر افراد کو کہا گیا مگر کسی نے آج تک یہاں کے مکینوں کی فریاد نہیں سنی۔

انہوںنے کہا کہ مویشیوں و جانوروں کے علاج کے لیے کوئی لائیو سٹاک ویٹرنری سینٹر بھی موجود نہیں جس کے باعث اکثر اوقات کئی مویشی بلا علاج ہلاک ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ موضع بلو شہابل کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے سے کڑھیانوالہ، بنڈی بیگ، ماہنی، دھنو والہ، چھبیل، بھڈیاں اور چک کوڑیانہ سمیت کئی قریبی علاقے بھی مستفید ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ قبل ازیں اس علاقے کے لیے گرلز ہائی سکول کی منظوری دی گئی تھی مگر چند بااثر افراد نے اس اسکول کو دسرے علاقے میں منتقل کرا لیا۔

انہوں نے وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف، وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود خان ،چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید اور دیگر ارباب اختیار و اقتدارسے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے جائز مطالبات کے فوری حل کے لیے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ یہاں سے آئندہ عام انتخابات میں ایک بار پھر مسلم لیگ( ن) کوبھاری مینڈیٹ مل سکے۔ انہوںنے علاقہ کیلئے بنیادی مرکز صحت کے فعال کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں