بروقت اقدامات کے باعث ضلع بھر میں ایچ ون‘ این ون وائرس اور چکن پاکس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا،ڈاکٹر اختر حسین

ہفتہ 3 فروری 2018 21:41

جھنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 فروری2018ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر اختر حسین نے کہا ہے کہ محکمہ صحت کے بر وقت اقدامات کے باعث ضلع بھر میں ایچ ون‘ این ون وائرس اور چکن پاکس کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا تاہم ان موذی ا مراض سے نپٹنے کے لئے محکمہ ہیلتھ جھنگ پوری طرح تیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ نیوٹریشن سپر وائزرز کی سربراہی میں 1600ورکرز پر مشتمل مختلف ٹیمیں تشکیل دے کر سکولوں میں اور ڈور ٹو ڈور جا کر آگاہی مہم کو جاری رکھا گیا جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حبیب احمد بٹر بھی موجود تھے جنہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ اب تک عام فلو کے 908مریضوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال میں رجسٹرڈ کیا جا چکا ہے لیکن الحمد للہ ان میں سے ایک مریض بھی وائرس ایچ ون این ون کا شکار نہیں نکلا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں اس سلسلہ میں تمام تر انتظامات مکمل ہیں ۔ ائسولیشن وارڈ، فلٹر کائونٹر،فلٹر کلینک ، ویکسین اور وافر مقدار میں متعلقہ ادویات بھی موجود ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کے تمام عملہ اور سٹاف کو احتیاطی طور پر ایچ ون این ون وائرس سے بچائو کی ویکسین بھی لگا دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو مزید بہتر کرنے کے لئے اقدامات زور و شور سے جاری ہیں اور ہسپتال کے ایمر جنسی وارڈ اور آپریشن تھیٹرز کی بہتری اور تزئین و آرائش کا کام بھی جاری ہے انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں ایک جدید آئی سی یو وارڈ بھی تعمیر کیا جا رہا ہے تاکہ مریضوں کو دیگر شہروں میں ریفر کرنے کی بجائے مقامی طور پر سہولت دستیاب ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں