پانی چوری کا الزام، سیدہ عابدہ حسین کے خلاف مقامی تھانے میں درخواستوں کے انبار لگ گئے

منیجر شبر عباس گرفتار، اعلیٰ پیمانے پر تحقیقات شروع ،سابق وزیر نے اپنی زرعی زمین کو سیراب کرنے کیلئے نہر کو 9 جگہ پر ناکے لگا کر توڑ دیا تھا

پیر 6 فروری 2017 17:59

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 فروری2017ء) سابق وفاقی وزیر سیدہ عابدہ حسین کے خلاف پانی چوری کی مقامی تھانے میں درخواستوں کے انبار‘ مقامی پولیس نے عابدہ حسین کے منیجر شبر عباس کو گرفتار کرکے اعلیٰ پیمانے پر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس عابدہ حسین کے خلاف مقدمات درج کرنے میں غیر سنجیدہ نظر آرہی ہے۔ عابدہ حسین کے دیگر منیجرز کوبھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

سیدہ عابدہ حسین پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی زرعی زمین جو کہ شاہ جیونہ جھنگ میں واقع ہے کو سیراب کرنے کیلئے نہر کو 9 جگہ پر ناکے لگا کر توڑ دیا تھا۔ مقامی پولیس نے جب موقع کا جاکر پانی روکنے کیلئے کارروائی کی تو عابدہ حسین کے منیجر اور دیگر نوکروں نے پولیس پر ہلہ بول دیا۔ مزاحمت پر پولیس نے بھاری تعداد میں نوکروں کو گرفتار کرکے تھانہ چوکی منڈی شاہ جیونہ میں بند کردیا۔

(جاری ہے)

محکمہ انہار نے مقامی پولیس کو پانی چوری کی رپورٹ دیتے ہوئے مقدمہ کا اندراج کرنے کی ہدایت کی ہے تھانہ قادر پولیس کی ٹیم نے عابدہ حسین کے فارم پر ریڈ کرکے ان کے منیجر شبر عباس کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دیگر منیجرز ڈیرہ سے بھاگ گئے ہیں۔ شبر عباس کو پولیس نے حوالات میں بند کرکے اعلیٰ پیمانے پر تحقیقات کا آغاز بھی کردیا ہے۔ تھانہ قادر پور میں سیدہ عابدہ حسین پر پہلے بھی پانی چوری کے مقدمات درج ہوتے رہے ہیں۔

سیدہ عابدہ حسین نے 250 ایکڑ زمین حکومت پنجاب سے معمولی رقم کے عوض پٹہ پر حاصل کر رکھی ہے جس کا مقدمہ پہلے ہی عدالت میں زیر سماعت ہے عابدہ حسین پر مقامی عدالت نے حکومت پنجاب کو چار سو ملین روپے ادا کرنے بارے حکم امتناعی دے رکھا ہے تاہم حکومت پنجاب کے مک مکا پالیسی کے تحت چپ سادھ رکھی ہے یاد رہے کہ عابدہ حسین کے خاوند اور سابق سپیکر فخر امام مسلم لی گن کے ٹکٹ پر خانیوال سے الیکشن لڑے تھے انہیں رضا حیات ہراج نے بھاری مارجن سے سکست دی تھی ۔

عابدہ حسین کے بیٹے عابد امام پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑے تھے جبکہ انکی ضمانت بھی ضبط ہوچکی تھی۔ تھانہ قدر پور کے انچارج شفیع سب انسپکٹرنے آن لائن کو بتایا کہ ان کے منیجر نے پولسی کے ساتھ مزاحمت کی ہے اور ڈی پی او جھنگ کے حکم پر کارروائی جاری ہے اور عابدہ حسین کے منیجر کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی جاری ہے تاہم انہوں نے کہا کہ عابدہ حسین موقعہ پر موجود نہیں تھی البتہ پانی چوری انہی کی زمینوں کیلئے کای گیا تھا جس کی تحقیقات جاری ہیں۔

رانا شکور تحقیقاتی افسر نے کہا ہے کہ عابدہ حسین کے منیجر نہری پانی چوری کرتے ہین ان کے خلاف شکایات بھاری تعداد میں موجود ہیں۔ علاقہ کی غریب عوام کی ان لوگوں نے زندگی اجیرن بنا رکھی ہے یہ بڑے طاقتور لوگ ہیں اور نہری پانی چوری کرنا ان کیلئے معمولی کام ہے لیکن اب ڈی پی او نے ایکشن لے لیا ہے اور کارروائی جاری ہے۔ دریں اثناء آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے سیدہ عابدہ حسین نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ الزام غلط ہے تاہم انکا کہنا تھا کہ میرا منیجر شبر عباس ہے اور پولیس نے اسے گرفتار کیاہے ۔(عابد شاہ)

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں