جہلم کے حلقہ پی پی 27 سے مسلم لیگ ن کے اُمیدوار ناصر محمود کامیاب قرار

حلقہ پی پی 27 میں دوبارہ گنتی کروائی گئی جس میں ناصر محمود کی کامیابی برقرار رہی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 19 اکتوبر 2018 16:10

جہلم کے حلقہ پی پی 27 سے مسلم لیگ ن کے اُمیدوار ناصر محمود کامیاب قرار
جہلم (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اکتوبر 2018ء) : جہلم کے حلقہ پی پی 27 میں مسلم لیگ ن کے اُمیدوار ناصر محمود کامیاب قرار پائے۔ تفصیلات کے مطابق جہلم کے حلقہ پی پی 27 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کے اُمیدوار ناصر محمود خان اور پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار شاہنواز راجہ مد مقابل تھے۔ ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کے اُمیدوار ناصر محمود خان نے 61542 ووٹ حاصل کیے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار شاہنواز راجہ نے 60886 ووٹ حاصل کیے۔

ضمنی انتخاب میں ناکامی پر پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار شاہنواز راجہ نے حلقے میں دوبارہ گنتی کی درخواست کی تھی لیکن دوبارہ گنتی میں بھی پاکستان مسلم لیگ ن کے اُمیدوار ناصر محمود خان کی جیت برقرار رہی۔پی پی 27 جہلم کی نشست فواد چودھری نے خالی کی تھی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا کہ پنجاب اسمبلی کے دو حلقوں پی پی 3 اور پی پی 27 پر دوبارہ گنتی کروائی گئی۔

دوبارہ گنتی میں دونوں نشستوں پر مسلم لیگ ن کے اُمیدواروں کی کامیابی برقرار رہی۔ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 3 میں مسلم لیگ ن کے اُمیدوار افتخار احمد خان 43259 ووٹ لے کر پہلے جب کہ پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار محمد اکبر خان 43032 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔دونوں حلقوں میں پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار ایک ہزار سے کم ووٹوں کے مارجن سے ہارے تھے جس کے بعد حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست کی گئی تھی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق دوبارہ گنتی میں پی پی 3 سےمسلم لیگ ن کےافتخاراحمد خان جبکہ پی پی 27 سے مسلم لیگ ن کے اُمیدوار ناصر محمود خان کی جیت برقرار رہی۔ واضح رہے کہ ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کو غیر متوقع کامیابی حاصل ہوئی جبکہ حکومتی جماعت کو کئی حلقوں میں اپ سیٹ کا سامنا کرنا پڑا۔

جہلم میں شائع ہونے والی مزید خبریں