ڈپٹی کمشنر راجہ ارشد محمود خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ کمیٹی کا اجلاس

مون سون کے حوالہ سے ڈی ڈی ایم کے نمائندہ ظہیر احمد نے شرکاء کو بریفنگ دی

جمعرات 4 جولائی 2019 18:21

حویلی کہوٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2019ء) ڈپٹی کمشنر راجہ ارشد محمود خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں آمدہ مون سون کے حوالہ سے ڈی ڈی ایم کے نمائندہ ظہیر احمد نے شرکاء کو بریفنگ دی ۔ ظہیر احمد نے شرکاء کو بتایا کہ اس سال مون سون میں زیادہ شدت کی بارشیں ہوںگی گرج چمک اور آندھی کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا خطرہ ہے ۔

جن کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ ،سڑکوں کا بند ہونا ،زمین کا سرکنا اور درختوں کا گرنا بھی ہو سکتا ہے ۔ندی نالوں میں طغیانی کے باعث نقصان کو خطرہ ہے ۔آندھی کی وجہ سے بجلی کی تاریں ٹوٹنے کا خطرہ ہے ۔ سڑکوں کی بندش کے پیش نظر اشیاء خردونوش کا مسئلہ بھی پیدا ہو سکتا ہے ۔زمین کے کٹائو کی وجہ سے آبادی والے علاقوں سے لوگوں کا نقل مکانی کرنے کا بھی امکان ہے ۔

(جاری ہے)

سپلائی ڈپو میں آٹا کے مقدار دو سے تین ماہ کے لیے پوری ہونی چاہیے اور آٹے کو چیک کروانا چاہیے تا کہ خراب آٹا نہ ہو جس سے وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ ہے ۔ صاف پانی کی فراہمی ضروری ہے ۔محکمہ صحت عامہ کے تمام مراکز میں ادویات ،ایمبولینسز اور سٹاف ہمہ وقت حاضر اور تیار رہنا ضروری ہے ۔انہوں نے شرکاء کو مون سون کانٹیجنسی پلان کے بارے میں تفصیلاً بریف کیا اور کہا کہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ کیلئے فیڈرل فلڈ کمیشن ،نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ،سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ضلعی سطح پر ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی قائم ہے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حویلی راجہ ارشد محمود نے کہا ہے کہ تمام محکمہ جات کے سربراہان ڈی ڈی ایم کے ممبر ہیں اور ہر آفیسر ہیڈ کوارٹر پر حاضر رہے ۔حالیہ مون سون کے دوران کوئی بھی آفیسر غیر حاضر نہ ہو۔ ڈی ڈی ایم کے ساتھ رابطہ میں رہیں اپنا فوکل پرسن قائم کر کے دفتر ڈی ڈی ایم میں اُس کا نام اور ٹیلی فون نمبر تحریری طور پر ارسال کریں ۔

کسی ناگہانی صورتحال کے ساتھ نمٹنے کے لیے اپنے دستیاب وسائل کے اندر رہ کر بھرپور کام کریں ۔محکمہ خوراک والے آٹے کو چیک کریں اور کسی بھی صورت میں گوداموں میں خراب آٹا نہ ہو۔اور دو سے تین ماہ کے لیے اشیاء خردونوش ضلع کے اندر موجود ہونی چاہیے اُن کی کوالٹی کو چیک بھی کریں ۔ سب لوگ مل جل کر کام کریں تو نقصان کم ہو سکتا ہے ۔ میٹنگ میں،ایس پی مرزاشوکت حیات، سید شفقت حسین گردیزی ڈسٹرکٹ پروگرام ،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چوہدری محمد رفیق ،ظہیر احمد ،اے ای او محمد صدیق ،محمد امتیاز غنی رینج آفیسر ،اے ای او زاہد صائم ،تحصیلدار زاہد چوہان کے علاوہ این جی اوز کے نمائندگان اور محکمہ جات نے شرکت کی۔

کہوٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں