دن رات صرف کرکے تعلیمی اداروں کے مسائل کے حل اورانہیں مکمل فعال کرنے کی ہرممکن جدجہدکررہے ہیں ،، نوراحمدرودینی

بدھ 27 اگست 2014 18:33

سوراب(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اگست۔2014ء )سوراب میں تعلیم کا فروغ اولین ترجیح ہے ،ا س عزم کے تکمیل کے لیئے دن رات صرف کرکے تعلیمی اداروں کے مسائل کے حل اورانہیں مکمل فعال کرنے کی ہرممکن جدجہدکررہے ہیں ،اس سلسلے میں اساتذ ہ ،والدین اورمقامی عمائدین کی بھرپورتعاون کی ضرورت ہے تاکہ ہم سب ملکراپنی نئی نسل کو جہالت کے اندھیروں سے بچاسکیں ،ان خیالات کااظہارڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن نوراحمدرودینی نے تحصیل کے مختلف علاقوں میں اسکولوں کے دورے کے موقع پراساتذہ سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ،اس موقع پرگورنمنٹ ٹیچرزایسوسی ایشن سورا ب کے چیئرمین لال بخش محمدحسنی اورضلعی جنرل سیکریٹری زاہدحسین بھی موجودتھے ،ڈی ڈی اوسوراب نوراحمدرودینی نے کہاکہ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ تعلیم کے بغیرترقی ممکن نہیں،دنیامیں ان قوموں نے اپنالوہامنوایاجنہوں نے تعلیم کے حوالے سے کسی مصلحت کاشکارنہیں ہوئیں، جدید دورکے تقاضوں کے پیش نظرنئی نسل کوعلم سے روشناس کرنے کے لیئے ہم سب پرایک بھاری زمہ داری عائد ہوتی ہے اس زمہ داری کی ادائیگی میں کسی قسم کی کوتاہی کی گنجائش نہیں ،آج اگرہم نے سہل پسندی اوراپنے فرض سے غفلت کامظاہرہ کیا اورخدانخواستہ ہماری کوتاہی کے باعث کسی معصوم بچے کامسقتبل تاریک ہوگیاتوتاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی ،لہذاہم محض ڈیوٹی پوری کرنے کے سوچ سے بالاترہوکراپنے شعبہ کی تقدس کومدنظررکھتے ہوئے خلوص کے ساتھ علم کی روشنی پھیلانے کافریضہ سرانجام دیں،انہوں نے کہاکہ اساتذہ معاشرہ کے سب سے معززاورمحترم طبقہ شمارہوتے ہیں لہذاان کی زمہ داریاں بھی زیادہ ہیں ،وہ اپنے فرائض ایمانداری سے اداکرنے کے بعدہی اپنے منصب کے تقاضوں سے بری الزمہ ہوں گے ،انہوں نے کہاکہ کہ حکومت صوبے میں فروغ تعلیم کے حوالے سے کثیروسائل خرچ کررہی ہے تاکہ کوئی بچہ زیورتعلیم سے محروم نہ رہے اورایک تعلیم یافتہ معاشرہ کے خواب کی تکمیل ہو،لہذا اس سلسلے میں قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ،تعلیمی اداروں کی ضروریات ،اساتذہ کے مسائل اوردیگرتوجہ طلب امورکاسنجیدگی سے جائزہ لے رہے ہیں ،جن کے حل کے لیئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

قلات میں شائع ہونے والی مزید خبریں