بزنس مین پینل کی قیادت منتخب سینئرنائب صدر حنیف گوہر سے خوفزدہ،کمروں کو تالے ڈال دیئے

فیڈریشن کے صدر انجم نثار نے تین رکنی الیکشن کمیشن کا فیصلہ ماننے سے بھی انکار کیا،غیرجمہوری رویہ اپنانے پر تاجروں میں غم وغصہ

بدھ 25 نومبر 2020 20:16

بزنس مین پینل کی قیادت منتخب سینئرنائب صدر حنیف گوہر سے خوفزدہ،کمروں کو تالے ڈال دیئے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2020ء) وفاق ایوانہائے صنعت وتجارت(ایف پی سی سی آئی)میں برسراقتدار گروپ بزنس مین پینل کے عہدیداروں نے خوفزدہ ہوکر سال2020کے فیڈریشن انتخابات کیلئے قائم 3رکنی الیکشن کمیشن کے اراکین زبیرچھایا، کیپٹن عبدالرشید ابڑو اور مسعودنقی کے اعلان کردہ فیصلے پر منتخب سینئرنائب صدر محمدحنیف گوہر کیلئے نہ صرف سینئرنائب صدر کا کمرہ کھولنے سے انکار کردیا بلکہ حنیف گوہر کیلئے تمام کمروں پر تالے ڈال دیئے۔

تفصیلات کے مطابق ایف پی سی سی آئی کے منتخب سینئرنائب صدرمحمدحنیف گوہر گزشتہ روز اپنے فرائض کی انجام دہی کیلئے فیڈریشن ہائوس پہنچے تو نہ صرف انکے چیمبر کو بند کردیا گیا تھابلکہ بورڈ رومز سمیت مزید کئی کمروں پر بھی تالا ڈال دیا گیا تاکہ حنیف گوہر کسی کمرے میں نہ بیٹھ سکیں تاہم دوسری جانب ایف پی سی سی آئی میں کووڈ19کی وجہ سے فیڈریشن کے صدر انجم نثارکی جانب سے سرگرمیاں ختم کرنے اور تمام اجلاس ملتوی کئے جانے کے بعد بھی بزنس مین پینل کے نائب صدور اپنی ذاتی سرگرمیوں سمیت بعض اجلاس بھی کرنے میں مصروف ہیں اور جب ایسے ہی ایک اجلاس میں حنیف گوہر پہنچے تووہاں موجود عہدیداران پریشان ہوگئے،اس موقع پرحنیف گوہر نے بزنس مین پینل سے وابستہ فیڈریشن کے نائب صدور سے پوچھا کہ انہوں نے سینئرنائب صدر کا چیمبر یا دوسرے چیمبرز کو تالے کیوں لگارکھے ہیں جبکہ بزنس مین پینل کے عہدیداروں کے چیمبر کھلے ہوئے ہیں جس پر وہ عہدیدار کوئی جواب نہ دے سکے۔

(جاری ہے)

بزنس کمیونٹی کی جانب سے حنیف گوہر کے ساتھ غیر جمہوری رویہ اپنانے پربزنس مین پینل کی قیادت غم وغصہ بڑھتا جارہا ہے۔کاروباری افراد کا کہنا ہے کہ بزنس مین پینل کی قیادت کا یہ رویہ اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ وہ فیڈریشن ہائوس پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں اور 30دسمبر کو ہونے والے الیکشن میں اپنی متوقع شکست سے خوفزدہ ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں