نامور ماہر تعلیم پروفیسر شریف المجاہد کراچی میں انتقال کرگئے

پیر 27 جنوری 2020 16:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2020ء) نامور ماہر تعلیم، مورخ اور تحریک پاکستان پر متعدد کتابوں کے مصنف پروفیسر شریف المجاہد پیر کی صبح کراچی میں انتقال کرگئے۔پروفیسر شریف المجاہد یکم جولائی 1926 کو مدراس میں پیدا ہوئے ، تاریخ صحافت اور اسلامیات میں مدراس یونیورسٹی سے سند حاصل کی، عملی صحافت کا آغاز 1945 میں تحریک پاکستان اور مسلمانوں کی سیاسی بیداری کے موضوع پر مضامین لکھنے سے کیا۔

(جاری ہے)

تقسیم کے بعد 1955 میں جامعہ کراچی سے وابستہ ہوئے اور اس کے شعبہ صحافت کو منظم کیا، پروفیسر شریف المجاہد کی تصانیف میں قائداعظم، ایک موضوعاتی مطالعہ کو 1981 میں قائداعظم پر شائع ہونے والی کتب میں بہترین قرار دیتے ہوئے صدارتی ایوارڈ سے نوازا گیا، اس کے علاوہ آپ نے آٹھ تالیفات تدوین کیں۔پروفیسر شریف المجاہد کی نماز جنازہ بعد نماز عصر مسجد ابراہیم، جامعہ کراچی میں ادا کی گئی اور انہیں جامعہ کراچی کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں