انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سیکورٹی کنسلٹنٹ ریگ ڈکسن کی کراچی میں کرکٹ بحالی پر آمادگی کا اظہار

پیر 23 اکتوبر 2017 20:12

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کرکٹ کی دنیا کا مرکز ہے، کرکٹ کے فروغ میں کراچی کا مثالی کردار ہے۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے وزیراعلی ہائوس میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سیکورٹی کنسلٹنٹ ریگ ڈکسن سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں ڈی جی رینجرز محمد سعید، آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ، سیکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز، وزیراعلی سندھ کے اسپیشل سیکریٹری عبدالرحیم شیخ کے علاوہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے جنرل منیجر ارشد خان اور کرنل اعظم بھی موجود تھے۔

عالمی کرکٹ کے غیر ملکی سیکورٹی کنسلٹنٹ مسٹر ریگ ڈکسن نے وزیراعلی کی یقین دہانی کے بعد کہا کہ عالمی کرکٹ کو کراچی میں میچز کرانے کی منظوری دیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کا حق ہے کہ عالمی کرکٹ دیکھیں، کراچی اب پرامن شہر ہے یہاں کے شہریوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے دہشت گروں کو مار بھگایا ہے۔

انہوں نے آئی سی سی کے غیر ملکی سیکورٹی کنسلٹنٹ کو یقین دلایا کہ ہر چیز آپ کے معیار کے مطابق ہو گی، اسٹیڈیم میں ہم خود آپ کے ساتھ موجود ہوں گے۔ اس موقع پر آئی سی سی کے غیر ملکی سیکورٹی کنسلٹنٹ ریگ ڈکسن کا کہنا تھا کہ ہم نے کرکٹ ٹیم کی سیکورٹی کے معیار پر ڈی جی رینجرز، آئی جی پولیس اور وزارت داخلہ سے تبادلہ خیال کیا ہے۔ مزید یقین دہانی دلاتے ہوئے وزیراعلی سندھ نے مسٹر ڈکسن کو کہا کہ کرکٹ ٹیموں کو ایئرپورٹ سے ہوٹل، ہوٹل سے اسٹیڈیم، اسٹیڈیم سے پلے گرائونڈ تک علیحدہ راستہ فراہم کریں گے۔

واضح رہے کہ اس سلسلے میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں پاکستان سپر لیگ کے 4 میچز کراچی میں کرانے کا اعلان کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں