کراچی سمیت سندھ میں 2کروڑ سے زائد بچے اسکول جانے سے محروم ہیں،سندھ میں کوٹہ سسٹم ختم ہونا چاہئے ، میئر کراچی وسیم اختر

یہ سندھ کے شہریوں کو تقسیم کرنے کی سازش ہے، غربت اور افلاس کے خاتمے ، تعلیم کے فروغ اور نئی نسل کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے میرٹ کو بنیاد بنانا ہوگا کورنگی میں 2کروڑ روپے کی لاگت سے پرائمری اسکول کو اپ گریڈ کیا گیا ہے،کورنگی کے مختلف علاقوں میں مزید اسکولوں کی تزئین و آرائش کی جائے گی

جمعہ 15 دسمبر 2017 21:03

کراچی سمیت سندھ میں 2کروڑ سے زائد بچے اسکول جانے سے محروم ہیں،سندھ میں کوٹہ سسٹم ختم ہونا چاہئے ، میئر کراچی وسیم اختر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ میں 2کروڑ سے زائد بچے اسکول جانے سے محروم ہیں،سندھ میں کوٹہ سسٹم ختم ہونا چاہئے یہ سندھ کے شہریوں کو تقسیم کرنے کی سازش ہے، غربت اور افلاس کے خاتمے ، تعلیم کے فروغ اور نئی نسل کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے میرٹ کو بنیاد بنانا ہوگا،نئی نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے منتخب نمائندے اپنا کردار ادا کریں، کورنگی میں 2کروڑ روپے کی لاگت سے پرائمری اسکول کو اپ گریڈ کیا گیا ہے،کورنگی کے مختلف علاقوں میں مزید اسکولوں کی تزئین و آرائش کی جائے گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ سہ پہر ناصر کالونی کورنگی سیکٹر 32 میں نو تعمیر شدہ اسکول کے افتتاح کے بعد کیا، اس موقع پر ڈی ایم سی کورنگی کے چیئرمین نیئر رضا، وائس چیئرمین سید احمر علی ،چیئرمین ورکس کمیٹی حسن نقوی، چیئرمین پارکس کمیٹی خرم فرحان، چیئرمین کچی آبادی کمیٹی سعد بن جعفر ، ڈائریکٹر جنرل ورکس اینڈ سروسز شہاب انوراور منتخب نمائندے بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں میئر کراچی نے ناصر کالونی کورنگی میں فیتہ کاٹ کر اسکول کا افتتاح کیا اور بڑی تعداد میں موقع پر موجود علاقہ مکینوں کو مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ کراچی باشعور اور پڑھے لکھے لوگوں کا شہر ہے اس کی یہ پہچان قائم رکھنا ہوگی، علم ہی ترقی کازینہ ہے ،آنے والی نسل کو تعلیم و تربیت ، پرسکون ماحول اور مستقبل محفوظ کرنے کے لئے کام کرنا ہوگا،تعلیم ، ٹیکنالوجی اور سائنسی ایجادات کے استعمال کے بغیر ترقی ناممکن ہے،پاکستان کو دنیا کے دوسرے ممالک کی طرح ترقی یافتہ بنانے کے لئے سائنس اور ٹیکنالوجی کو فروغ دینا ہوگا، دنیا کے جن ممالک نے ترقی کی انہوں نے اپنے آپ کو وقت سے ہم آہنگ کیا،میئر کراچی وسیم اختر نے اس موقع پر کورنگی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور مقامی افراد سے ان کے مسائل معلوم کئے، انہوں نے منتخب بلدیاتی نمائندوں سے کہا کہ شہریوں کو بنیادی مسائل مثلاً پانی و سیوریج کا نظام ، صفائی ستھرائی ، پارکس اور پلے گرائونڈز کی بحالی اور ترقی کے لئے بلاتاخیر اقدامات کریں اور علاقہ مکینوں کی طرف سے شکایت ملنے سے پہلے ہی ان کے مسائل حل کرنے کے لئے اپنے تمام تر وسائل اور کوششیں بروئے کار لائیں، انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ کورنگی کے مختلف علاقوں میں بنیادی نوعیت کے مسائل حل کرنے کے لئے مقامی بلدیاتی نمائندے فعال ہیں، مختلف سڑکوں کی تعمیر، پارکس اور پلے گرائونڈز کی بحالی سمیت اہم کام انجام دیئے جا رہے ہیںجن سے کورنگی کے لوگوں کو خاطر خواہ سہولت ملے گی، انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اہم ترین صنعتی زون کورنگی میں واقع ہے جہاں سے ہزاروں افراد کا روزگار وابستہ ہے اور قومی خزانے کو خطیرٹیکس کی ادائیگی بھی اسی علاقے سے کی جاتی ہے لہٰذا کورنگی صنعتی زون کو بھی ترقی دی جائے گی اور یہاں کے مسائل منتخب نمائندوں کی مشاورت سے حل کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا اور بلاتفریق تمام علاقوں میں ترقیاتی کام کرائے جائیں گے تاکہ اہلیان کراچی کو اپنے روزمرہ امور کی انجام دہی میں سہولت ہو اور ان کا معیار زندگی بہتر ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں