بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی زیر صدارت پارٹی رہنمائوں، میڈیا ذمہ داران کا اجلاس

عوام سے براہ راست رابطے کے ساتھ ساتھ میڈیا بھی رابطے کا ایک ذریعہ ہے، لھذا میڈیا سے منسلک افراد سے رابطے بڑھائے جائیں

پیر 15 جنوری 2018 22:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدرِ پاکستان و پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ آصف علی زرداری نے بلاول ہائوس میں ایک اجلاس کی صدارت کی، جس میں پارٹی کے رہنمائوں، میڈیا سے رابطے میں رہنے والے عہدیداران اور ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت اور اس کے استحکام کے لیئے جدوجہد کی اور اس ضمن میں اپنی کاوشیں آئندہ بھی جاری رکھے گی۔

اجلاس کے دوران اطلاعات سے وابسطہ پارٹی کے مختلف سطحوں پر ان کی ذمیداریوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ ہر سطح پر کارکردگی کو بھتر بنانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس نے زور دیا کہ عوام سے براہ راست رابطے کے ساتھ ساتھ میڈیا بھی رابطے کا ایک ذریعہ ہے، لھذا میڈیا سے منسلک افراد سے رابطے بڑھائے جائیں، یوں بھی پیپلز پارٹی اور میڈیا نے آمریتوں کے خلاف شانہ بشانہ جدوجہد کی ہے۔

اجلاس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک و معاشرے کی عظیم بھتری کے لیئے پیپلز پارٹی آزادی صحافت اور آزادی اظہار کے لیئے ہمیشہ کھڑی رہے گی۔ اجلاس میں وزیراعلی سندہ سید مراد علی شاہ، سینیٹر شیری رحمان، وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ، مولا بخش چانڈیو، سینیٹر تاج حیدر، ایم این اے نفیسہ شاہ، شازیہ مری، سینیٹر عاجز دھامراہ، سعید غنی، عینی مری، امجد بھٹی اور سریندر ولاسائی نے شرکت کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں