کراچی میں ایک اور گدھا بدترین تشدد کا نشانہ بن گیا

ایک سیاسی جماعت کی ریلی کے دوران گدھے پر تشدد کی خبر کے محض دو روز بعد ایک اور گدھے کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا دیا گیا

muhammad ali محمد علی بدھ 18 جولائی 2018 20:08

کراچی میں ایک اور گدھا بدترین تشدد کا نشانہ بن گیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جولائی2018ء) کراچی میں ایک اور گدھا بدترین تشدد کا نشانہ بن گیا، ایک سیاسی جماعت کی ریلی کے دوران گدھے پر تشدد کی خبر کے محض دو روز بعد ایک اور گدھے کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں بے زبان جانور سیاسی جماعتوں کے غنڈوں کے تشدد کا نشانہ بننے لگے ہیں۔ کراچی میں ایک سیاسی جماعت کی ریلی کے دوران گدھے پر تشدد کی خبر کے محض دو روز بعد ایک اور گدھے کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

اس گدھے کو بھی ایک این جی او نے ریسکیو کیا اور اب طبی امداد دی جارہی ہے۔ این جی او نے اپنے سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا ہے کہ واقعہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال سے رپورٹ ہوا تھا۔ بظاہر گدھے کے سر پر کسی تیز دھار آلے یا پتھر سے بار بار مارا گیا۔

(جاری ہے)

پوسٹ میں بتایا گیا کہ چوٹیں اتنی گہری ہیں کہ گدھے کی کھوپڑی تک دیکھی جاسکتی ہے، جبکہ زخم کی جگہ پر کیڑے بھی پڑ گئے تھے۔

یہاں تک کے اس کو ایک آنکھ سے بھی محروم کردیا گیا۔ این جی او کے مطابق گدھا کا خون اتنی تیزی سے بہہ رہا تھا کہ کئی بالٹیوں کی ضرورت پڑگئی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ گدھے کو طبی امداد دی گئی اور اب اس کا خون بہنا رک گیا ہے جبکہ اس کے زخم سے کیڑے مکمل طور پر ختم کردیے گئے ہیں اور اسے صاف کیا گیا ہے۔ اس سے قبل  پیر کو ایک سیاسی جماعت کی ریلی کے دوران بھی ایک اور بدقسمت گدھے کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

 اس گدھے کو صرف اس لیے تشدد کا نشانہ بنایا گیا کیوں کہ اس پر ایک سیاسی حریف کا نام لکھا ہوا تھا۔ گدھے کو کئی مرتبہ منہ اور پیٹ پر مکے مارے گئے اور اس کی ناک توڑ دی گئی۔ جبکہ پورے جسم پر لاتیں ماری گئیں جس کے بعد وہ بے ہوش ہوگیا۔ بعد ازاں اس گدھے کو ایک کھمبے سے باندھ دیا گیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں