قیام پاکستان کو 71 سال گزر جانے کے باوجود بہت کچھ کرنا باقی ہے،میئر کراچی

بدقسمتی سے ماضی میں جن سیاسی جماعتوں کو حکومت ملی وہ ناکام ہوئیں اورعوام بنیادی سہولیات سے محروم رہے،،وسیم اختر کا پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب

منگل 14 اگست 2018 19:05

قیام پاکستان کو 71 سال گزر جانے کے باوجود بہت کچھ کرنا باقی ہے،میئر کراچی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ قیام پاکستان کو 71 سال گزر جانے کے باوجود بہت کچھ کرنا باقی ہے، بدقسمتی سے ماضی میں جن سیاسی جماعتوں کو حکومت ملی وہ ناکام ہوئیں اورعوام بنیادی سہولیات سے محروم رہے، نئی آنے والی حکومت سے امید ہے کہ کراچی اور پاکستان کے دیگر صوبوں میں سیاست سے بالاتر ہو کر عوامی مسائل کے حل کیلئے کام کرے گی، اقتدار تو مل چکا ،اللہ کرے ان کو اختیار بھی ملے، سیاست بہت ہوچکی، اب ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی، لوگ تنگ آچکے ، ایک نیا آغاز ہونے جارہا ہے نئی آنے والی حکومت کراچی سندھ اور پاکستان کے مسائل حل کرتی نظر آئی تو کے ایم سی کی کونسل اور منتخب نمائندے اس سے بھرپور تعاون کریں گے، بنیادی ضرورت صاف پانی ہے امید ہے جس طرح وعدے کئے گئے ان پر من و عن عملدرآمد بھی ہوگا، یوم آزادی بہترین انداز میں منانا چاہئے تاکہ آئندہ نسلوں کو پتہ چلے کہ یہ دن ہمارے لئے کتنا اہمیت کا حامل ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے 14 اگست کی صبح بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر میں منعقدہ تقریب پرچم کشائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر یمن کے اعزازی قونصل جنرل اور ممتاز صنعتکار مرزا اختیار بیگ، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن ، چیئرمین اراضیات کمیٹی سید ارشد حسن، سٹی کونسل کے پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، چیئرمین قانونی امور کمیٹی عارف خان ایڈوکیٹ، چیئرمین ورکس کمیٹی حسن نقوی، چیئرمین کھیل و ثقافت کمیٹی اعجاز احمد خان، چیئرپرسن میڈیا مینجمنٹ کمیٹی صبحین غوری، چیئرپرسن میڈیکل کمیٹی ناہید فاطمہ، کے ایم سی کے سینئرافسران اور دیگر ملازمین بھی بڑی تعداد میں موجود تھے، قبل ازیں میئر کراچی وسیم اختر نے یوم آزادی کی صبح مزار قائد پر حاضری دی اور کراچی کے شہریوں کی طرف سے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، محکمہ فائر بریگیڈ کے ٹینڈرز پر مشتمل خصوصی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے میئر کراچی مزار قائد سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر پہنچے جہاں انہوں نے قومی پرچم لہرایا، اس موقع پر سٹی وارڈنز کے ایک مستعد دستے نے مارچ پاسٹ کیا اور میئر کراچی کو سلامی دی،میئر کراچی وسیم اختر نے 14اگست کی دوپہر فلیگ اسٹاف ہائوس میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا اور عباسی شہید اسپتال کا دورہ کرکے وہاں داخل مریضوں سے ملاقات کی اور انہیں جشن آزادی کے حوالے سے تحائف دیئے، انہوں نے عباسی شہید اسپتال میں صفائی ستھرائی اور مریضوں کے علاج معالجے کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی، قبل ازیں کے ایم سی بلڈنگ میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے اپنے حالیہ دورہ چین کے حوالے سے کہا کہ چین نے جو تباہی کے دہانے پر تھا ہمارے بعد کام شروع کیا اور آج یقین نہیں آتاکہ اس قوم نے کتنی تیزی سے ترقی کی منازل طے کی ہیں، انہوں نے کہا کہ اتنی قربانیوں کے بعد حاصل ہونے والی آزادی کے بعد ہمارے اوپر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اپنے ملک کو بہتر بنانے کے لئے اپنے حصے کا کردارادا کریں، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے بعض محکموں میں بہتری آئی ہے جن میں سٹی وارڈنز اور فائر بریگیڈ شامل ہیں تاہم ابھی ہمیں انہیں مزید بہتر بنانا ہے، ہمارے پاس وقت ہے اور بہتری کے لئے اقدامات جاری رہیں گے، انہوں نے کے ایم سی کے مختلف محکموں اور کے ایم سی کی پوری ٹیم کو 71 ویں جشن آزادی کے سلسلے میں ترتیب دیئے گئے پروگرام بہترین انداز میں منعقد کرانے پر شاباش دی اور کہا کہ یوم آزادی کی تقریبات شایان شان انداز میں منعقد کی جائیں تاکہ پورے ملک اور دنیا بھر میں اہلیان کراچی کی طرف سے حب الوطنی کا پیغام پہنچے، میئر کراچی نے اپنے خطاب کے دوران کے ایم سی بلڈنگ کے باہر موجود سجن یونین کے رہنمائوں کو یوم آزادی کی مبارکباد دی اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی جس پر سجن یونین کے نمائندوں اور کے ایم سی ملازمین میئر کراچی زندہ باد کے نعرے لگائے، قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا کہ میئر کراچی کی سربراہی میں کام کرتے ہوئے ہماری پوری کوشش ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کھوئی ہوئی ساکھ کو بحال کیا جائے، میئر کراچی تمام محکموں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں خاص طور پر جن محکموں کا عام شہریوں سے تعلق ہے، امید ہے کہ 2019ء ماضی کے مقابلے میں بہت بہتر ہوگا، انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر کے ایم سی نے اسپورٹس فیسٹیول کا اہتمام کیا اور 17 کھیلوں کے مقابلے کرائے گئے جبکہ دیگر تقریبات بھی جاری ہیں، یمن کے اعزازی قونصل جنرل مرزا اختیار بیگ نے کہا کہ کے ایم سی کے تحت جشن آزادی کی تقریب میں شرکت میرے لئے اعزاز کی بات ہے، یوم آزادی پر ہمارا ولولہ اور جذبہ قابل قدر ہے اسے نئی نسل کو منتقل کرنا ہے، کے ایم سی دنیا کی بڑی میونسپل کارپوریشنز میں شامل ہے اوراسے یوم آزادی کا پیغام لوگوں تک بہترین انداز میں پہنچانے کا کریڈٹ جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ وہ سفارت اور بزنس کمیونٹی کی طرف سے میئر کراچی وسیم اختر کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہیںاور پاکستان سے جلد عالمی سطح پر اس کا حق بھی ملے گا اور منصب بھی ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں