اعلی عدلیہ کے حکم کے مطابق وی اآئی پی پروٹوکول کیلئے 5 منٹ سے زائد سڑک بند نہیں رکھی جاسکتی ، عالمگیر خان

وی آئی پی کلچر کے خلاف مہم جاری رکھیں گے،مہم میں نوجوانوں کی بھر پور تعداد نظر آئیگی، صحافیوں سے گفتگو

اتوار 23 ستمبر 2018 19:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2018ء) کراچی میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 243 پر تحریک انصاف کے امیدوارمحمد عالمگیر خان نے کہا ہے کہ اعلی عدلیہ کے حکم کے مطابق وی اآئی پی پروٹوکول کے لئے 5 منٹ سے زائد سڑک بند نہیں رکھی جاسکتی ہے۔ وی آئی پی کلچر کے خلاف مہم جاری رکھیں گے۔اس مہم میں نوجوانوں کی بھر پور تعداد نظر آئیگی۔

یہ بات انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب این اے 243 میں الیکشن آفس کا افتتاح کرنے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔محمد عالمگیرخان نے کہا کہ وہ ضمنی انتخابات میں لوگوں کی دلچسپی قائم رکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 30 دن کے اندر کراچی میں کام ہوتا ہوا نظر آئے گا اور عمران خان اپنا وعدہ پورا کریں گے۔ صدر مملکت کی سیکیورٹی پر احتجاج اور مقدمے کے معاملے پر عالمگیر خان نے کہا کہ وہ اپنی مہم جاری رکھیں گے اور غیر ضروری سیکیورٹی دینا غلط ہے تاہم سیکیورٹی پروٹوکول دینا سندھ حکومت کا کام ہے۔

(جاری ہے)

جن لوگوں کے خلاف مقدمات ہوئے وہ فکس اٹ کے کارکنان ہیں۔مقدمہ درج ہونے کے خلاف بات کرینگے۔مقدمات کی مذمت کرتے ہیں،وزیر اعظم عمران خان نے وی آئی پی کلچر کے خلاف احتجاج کو سراہا ہے۔ میں مانتا ہوں کہ وزیر اعظم اور صدر کو سیکورٹی خدشات ہیں۔انہوں نے کراچی میں ضمنی انتخابات پر تحریک انصاف کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی خبروں کی بھی تردید کی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سے کراچی والے مطمئن ہیں۔

پانی اور کچرا سمیت ہر ایشو پر عمران خان نے ڈیڈ لائن دی ہے۔تیس دن میں کام نظر آنا شروع ہوگیاہے۔ضمنی انتخاب میں عمران خان کی لیڈ کو برقرار رکھیں گے ۔اگر سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوتی تو ایم کیو ایم مضبوط امیدوار لیکر آتی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پیکچ ، ماسٹر پلان ، انفرا اسٹرکچر ،کچرا کے حوالے سے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔لوگوں کا رسپونس بہت اچھا ہے۔بلدیاتی حکومت کے اختیارات کم ہونے کی وجہ سے عوام کو مشکلات ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں