کے الیکٹر ک باعث تکلیف بن چکی ہے، لوڈ شیڈنگ کے لئے بہانے ڈھونڈے جاتے ہیں۔ خرم شیر زمان

منگل 25 ستمبر 2018 22:28

کے الیکٹر ک باعث تکلیف بن چکی ہے، لوڈ شیڈنگ کے لئے بہانے ڈھونڈے جاتے ہیں۔ خرم شیر زمان
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک شہریوں کے لیے باعث تکلیف بن چکی ہے، لوڈ شیڈنگ کے لئے بہانے ڈھونڈے جاتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے بیان میں کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں گرمی کی لہر کیا آئی، کے الیکٹرک کو لوڈ شیڈنگ کا بہانہ مل گیا، شہری گرمی سے بے حال تھے اور رات بھر انہیں لوڈ شیڈنگ نے پریشان کئے رکھا، اب تک بہانے بہانے سے لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، بجلی نہ ہونے سے عام شہری آرام نہیں کر سکتے اور دکانداروں اور کاروباری حضرات کا کام متاثر ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، حکومت کو کے الیکٹرک کی خبر ضرور لینی چاہئے اور من مانیوں پر محاسبہ بھی کرنا چاہئے کیونکہ کراچی کے شہری لوڈ شیڈنگ سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں، کوئی بیمار ہے، کسی کو تعلیم تو کسی کو روزگار کا مسئلہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک لوڈ شیڈنگ کرکے اپنے فرائض سے پہلو تہی کر رہی ہے، لوگوں کی مشکلات کم کرنے کی بجائے بڑھائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسم تبدیل ہو رہا ہے اور لوگ بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں، ایسے میں کے الیکٹرک کو انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت لوڈ شیڈنگ سے باز رہنا چاہئے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں