کراچی ،ریاستی جبر کے باوجود پاکستان کے عوام نے 25 جولائی کی چوری کا بدلہ لینے کا آغاز کردیا ہے،مولانا فضل الرحمن

متحدہ اپوزیشن کی شاندار فتح اس بات کا مبین ثبوت ہے کہ عمران نیازی کو جعلی مینڈیٹ دیا گیا تھا، اگر صرف 50 فیصد حلقوں کو کھولا جائے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا،سربراہ ایم ایم وجے یو آئی

پیر 15 اکتوبر 2018 20:25

کراچی ،ریاستی جبر کے باوجود پاکستان کے عوام نے 25 جولائی کی چوری کا بدلہ لینے کا آغاز کردیا ہے،مولانا فضل الرحمن
ْکراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اکتوبر2018ء) جمعیت علماء اسلام اور متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ ریاستی جبر کے باوجود پاکستان کے عوام نے 25 جولائی کی چوری کا بدلہ لینے کا آغاز کردیا ہے،متحدہ اپوزیشن کی شاندار فتح اس بات کا مبین ثبوت ہے کہ عمران نیازی کو جعلی مینڈیٹ دیا گیا تھاآج بھی اگر صرف 50 فیصد حلقوں کو کھولا جائے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

وہ جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان سے فون پر گفتگو کررہے تھے،قاری محمد عثمان نے مولانا فضل الرحمن کو این اے 35 بنوں کی تاریخی کامیابی پر خصوصی اور ملک بھر میں متحدہ اپوزیشن کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی.

مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ آج متحدہ اپوزیشن سرخرو اور جعلی مینڈیٹ والے حکمران ناکام ہوئے ہیں. تاریخ عوام کا مینڈیٹ چوری کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی. 14 اکتوبر کے ضمنی انتخابات میں باوجود حکومتی مشینری کے بے دریغ استعمال اور ریاستی جبر کے پاکستان کے باشعور عوام نے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ ملی تشخص کو مسخ کرنے والوں کے سامنے ڈھال بن جائیں گی.

انہوں کہاکہ پاکستان جو اسلام کے مقدس نام پر حاصل کیا گیا تھا یہاں مغربی کلچر مسلط ہونے نہیں دیا جائے گا. جعلی وزیراعظم میں اگر رتی برابر بھی جرات ہے یا وہ اپنی بولی بولتے ہیں تو 25 جولائی والے اپنے وعدوں پر عمل کرتے ہوئے کم از کم 50 فیصد حلقوں کو کھولنے کا اعلان کردیں انکے جعلی مینڈیٹ سے پردہ اٹھ جائے گا. مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ 14 اکتوبر کو 3 صوبائی حکومتوں اور مرکزی جعلی حکمرانوں کے حکومتی اقدامات اور پانی کی طرح پیسا بہانے کا حربہ دھرے کا دھرا اس لئے رہ گیا کہ 6 بجے کے بعد کا وقت 25 جولائی سے تھوڑا مختلف تھا.

انہوں نے چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ جہاں اور جس حلقے میں منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور ہر طرح کے آزادانہ انتخابات ہوں گے وہاں سے پی ٹی آئی کا نام ونشان مٹ جائے گا. مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ متحدہ اپوزیشن کو تمام مصلحتوں اور ہر قسم کے دباؤ سے بے نیاز ہو کر ملک کو معاشی اور اقتصادی قتل عام سے بچانا ہوگا ورنہ جعلی مینڈیٹ والی حکومت جہاں پاکستان پر مغربی کلچر مسلط کرکے قومی، ملی اور اسلامی تشخص کو مسخ کرے گی وہاں اقتصادی اور معاشی طور پر ملک کو 40 سال پیچھے لے جائے گی. انہوں نے کہاکہ متحدہ اپوزیشن کا ایک اور جھٹکا جعلی حکمرانوں کا صفایا کردے گا۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں