صوبائی سول سروس میں اصلاحات متعارف کرانے کے خواہاں ہیں

وزیراعلیٰ سندھ کی وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین سے ملاقات کے موقع پر گفتگو

پیر 15 اکتوبر 2018 23:33

صوبائی سول سروس میں اصلاحات متعارف کرانے کے خواہاں ہیں
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی سول سروس میں اصلاحات متعارف کرانے کے خواہاں ہیں، ہر ایک سرکاری ملازم کو مقررہ وقت پر ترقی کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ پیر کو وزیراعلیٰ ہائوس سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے وزیراعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین سے وزیراعلی ہائوس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ سول بیورو کریسی کے پرانے اسٹریکچر میں اصلاحات متعارف کرانے کی اشد ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہم چند اصلاحات فریم کریں گے اور آپ کے ساتھ شیئر کریں گے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہر ایک ملازم جوکہ سرکاری ملازمت اختیار کرتا ہے اس کا مناسب سروس اسٹریکچر ہونا چاہئے تاکہ وہ اپنے مستقبل کے لئے سخت محنت کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی سروس کے ہر ایک کیڈر کے لئے سروس اسٹریکچر بنایا جائے گا۔ وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا کہ بیورو کریسی کا اسٹریکچر پرانا ہے اور اسے لازمی طور پر بہتر بنانا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ وہ ایک کمیٹی تشکیل دیں گے جوکہ اصلاحات تجویز کرے گی اور انہیں وفاقی حکومت کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں